Wednesday , September 20 2017
Home / شہر کی خبریں / غیر قانونی گیاس فلنگ مقدمہ، رکن اسمبلی کے فرزند کو بچانے دباؤ

غیر قانونی گیاس فلنگ مقدمہ، رکن اسمبلی کے فرزند کو بچانے دباؤ

عوام سے پولیس کی مہم کی ستائش، مقدمہ میں مزید پیشرفت کیخلاف احتجاج کی دھمکیاں
حیدرآباد۔10ستمبر(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں ملاوٹ شدہ اشیاء ‘ گٹکھا اور سگریٹ کے خلاف مہم کے بعد محکمہ پولیس کی جانب سے گیس سیلنڈر کو ازسر نو غیر قانونی طور پر دوبارہ بھرتے ہوئے فروخت کئے جانے کے سلسلہ میں کئے گئے دھاوے میں سرکردہ شخصیت کے فرزند پر مقدمہ درج کئے جانے کے بعد اب بڑے پیمانے پر مہم چلائے جانے اور گیس سیلنڈر کی غیر قانونی فلنگ کو روکنے کے اقدامات کئے جانے کے آثار مفقود ہو چکے ہیں کیونکہ پہلے ہی دھاوے میں رکن اسمبلی کے فرزند پر مقدمہ کا اندراج اس غیر قانونی کاروبار کے خلاف محکمہ پولیس کی کاروائی کی راہ میں رکاوٹ ثابت ہونے لگا ہے اور اعلی عہدیدار دباؤ کا شکار ہوتے ہوئے اس غیر قانونی تجارتی سرگرمی کے خلاف کاروائی سے اجتناب کرنے کے متعلق منصوبہ بندی کرنے لگے ہیں۔ شہر حیدرآباد میں ساؤتھ زون پولیس کی جانب سے چلائی جانے والی غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف مہم کی ہر گوشہ سے ستائش کی جاتی رہی ہے اور خاص طور پر اشیائے خورد و نوش میں ملاوٹ کی شکایات کے خلاف کی گئی بڑے پیمانے پر کاروائیوں کے بعد ساؤتھ زون پولیس عہدیداروں کو عوامی حمایت حاصل ہوئی لیکن اب جبکہ گیس سیلنڈر میں غیر قانونی گیس بھرتے ہوئے ان کی کالا بازاری کا انکشاف ہوا اور رکن اسمبلی کے فرزند پر مقدمہ درج کیا گیا ہے تو ایسی صورت میں محکمہ پولیس کے اعلی عہدیداروں کی خاموشی سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اب کسی بھی غیر قانونی گیس کے فروخت کرنے والے کے خلاف کاروائی نہیں کی جائے گی کیونکہ رکن اسمبلی کے فرزند کا دفاع کرنے والے افراد عہدیداروں کو یہ باور کروارہے ہیں کہ صرف پرانے شہر میں ہی نہیں بلکہ شہر کے مختلف مقامات پر اس طرح کی غیر قانونی سرگرمیاں عروج پر ہیں اور کئی ایسے پٹرول پمپ ہیں جن پر سیلنڈر میں راست پکوان گیس بھری جاتی ہے جو کہ غیر قانونی ہے لیکن اس کے باوجود ایسا کیا جا رہاہے۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق پرانے شہر میں اس گیس سیلنڈر کے اس کاروبار میں ایک اور خانوادہ سے تعلق رکھنے والی شخصیت بھی شامل ہے اور کہا جا رہاہے اس تجارت میں ان کی ہی سرمایہ کاری ہے جو کہ مسلمانوں کی رہبری کیلئے بنائے گئے ایک فورم میں انتہائی اہم عہدہ پر فائز ہیں ۔ گیس سیلنڈر کی اس غیر قانونی تجارت میں ملوث افراد کے خلاف سخت کاروائی کی صورت میں مختلف گوشوں سے احتجاج کا بھی انتباہ دیئے جانے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ اس مقدمہ کو بعد از تحقیقات غلط قرار دیتے ہوئے بند کردیئے جانے کے لئے ہدایات جاری کی جارہی ہیں اور کہا جا رہا ہے ایسا نہ کرنے کی صورت میں معاملہ کو وزیر داخلہ سے رجوع کرتے ہوئے سفارش بھی کروانے کا تیقن دیا جا چکا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ اگر مکمل غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جاتی ہیں تو ایسی صورت میں فورم کے ذریعہ بھی نمائندگی کروانے کے متعلق غور کیا جا رہاہے ۔

TOPPOPULARRECENT