Friday , September 22 2017
Home / شہر کی خبریں / غیر مجاز خانگی گاڑیوں کو فوری روک دینے کی ہدایت

غیر مجاز خانگی گاڑیوں کو فوری روک دینے کی ہدایت

ٹی ایس آر ٹی سی کو کروڑہا کا نقصان، وزیر ٹرانسپورٹ مہیندر ریڈی
حیدرآباد 17 اپریل (سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ مسٹر بی مہیندر ریڈی نے ریاست تلنگانہ میں غیر مجاز طور پر چلائی جانے والی خانگی گاڑیوں کو مکمل روک دینے ، کسی کے دباؤ کو قبول نہ کرتے ہوئے غیر مجاز طور پر چلائی جانے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی محکمہ ٹرانسپورٹ کے عہدیداروں کو سخت ہدایات دیں۔ اور ڈپٹی ٹرانسپورٹ کمشنرس سے کہاکہ وہ ٹی ایس آر ٹی سی عہدیداروں بالخصوص ریجنل منیجرس ٹی ایس آر ٹی سی کے ساتھ تال میل کو برقرار رکھتے ہوئے غیر مجاز چلائی جانے والی خانگی گاڑیوں کو بالکلیہ طور پر روک دینے کے مؤثر اقدامات کریں۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہاکہ ٹی ایس آر ٹی سی کے 95 بس ڈپوز کے حدود میں جملہ 3630 روٹس ہیں جن کے منجملہ 288 روٹس پر غیر مجاز چلائی جانے والی گاڑیوں کو نشاندہی کرتے ہوئے وزیر ٹرانسپورٹ کو تفصیلات سے عہدیداروں نے واقف کروایا اور یہ بھی بتایا گیا کہ ان غیر مجاز طور پر چلائی جانے والی گاڑیوں سے ٹی ایس آر ٹی سی کو سالانہ 572 کروڑ روپئے کا نقصان ہورہا ہے جس کے پیش نظر وزیر موصوف نے محکمہ ٹرانسپورٹ کے عہدیداروں کو 391 روٹس پر اسپیشل ڈرائیو (خصوصی مہم) چلانے کی ہدایات دیں۔ علاوہ ازیں وزیر موصوف نے ٹی ایس آر ٹی سی عہدیداروں کی بھی سخت سرزنش کرنے کی اطلاعات پائی جاتی ہیں۔ اور بتایا گیا کہ انھیں (وزیر موصوف کو) متعدد شکایات موصول ہورہی ہیں کہ بسوں کے انتظار میں گھنٹوں انتظار کرنا پڑرہا ہے لیکن آر ٹی سی کے کسی عہدیداروں کی جانب سے ہونے والی تاخیر پر کوئی توجہ نہیں دی جاتی ہے۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ وزیر ٹرانسپورٹ نے بسوں کی روانگی میں ہونے والی تاخیر پر خصوصی توجہ دینے اور مقررہ وقت پر گاڑیوں کی روانگی کو یقینی بنانے کے اقدامات کرنے کی ہدایات دیں۔ اس کے علاوہ مسٹر مہندر ریڈی نے ڈپٹی کمشنران ٹرانسپورٹ، ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسرس اور دیگر عہدیداران محکمہ ٹرانسپورٹ، آر ٹی سی ویجلنس، پولیس عہدیداروں کو غیر قانونی طور پر چلائی جانے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا حکم دیا۔

TOPPOPULARRECENT