Wednesday , October 18 2017
Home / شہر کی خبریں / غیر مقیم ہندوستانیوں کے خاندان بھی پریشان حال

غیر مقیم ہندوستانیوں کے خاندان بھی پریشان حال

بیرون ممالک سے رقومات روانہ کرنے سے قاصر ، ویسٹرن یونین منی ٹرانسفر بھی بری طرح متاثر
حیدرآباد۔24نومبر(سیاست نیوز) ہندستان میں کرنسی کی تنسیخ کے اثر سے غیر مقیم ہندستانیوں کے خاندان اور خود این آر آئی بھی محفوظ نہیں رہ پائے ہیں بلکہ انہیں بھی ان حالات کے سبب سخت دشواریوں سے گذرنا پڑ رہا ہے۔ دونوں شہروں کے علاوہ ملک کی کئی ریاستوں میں ایسے خاندان موجود ہیں جن کا گذر بسر ماہانہ خلیج یا دیگر ممالک سے حاصل ہونے والی آمدنی پر ہوتا ہے لیکن اس ایک ماہ کے دوران ان خاندانوں کوکئی مشکلات کا سامنا کرناپڑا ہے اور اب بھی وہ کئی مشکلات کا سامنا کرنے کیلئے مجبور ہیں۔ بیرون ملک خدمات انجام دیتے ہوئے اپنے گھر والوں کو اخراجات کیلئے مختلف ذرائع سے رقومات روانہ کرنے والے ہندستانی شہری مختلف ممالک سے رقومات روانہ نہیں کر پا رہے ہیں جس کے سبب ہندستان میں موجود ان کے خاندانوں کو معاشی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ عرصہ دراز تک بذریعہ حوالہ رقومات روانہ کرنے والے بھی اب حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولتوں سے استفادہ کے ذریعہ اپنے اہل و عیال کو ماہانہ خرچ کی رقومات روانہ کر رہے تھے اور ان میں سب سے آسان ذریعہ ویسٹرن یونین منی ٹرانسفر کا تصور کیا جا رہا تھا اور اسی کے ذریعہ بیرون ملک موجود ہندستانی شہری اپنے گھر والوں کو رقومات روانہ کیا کرتے تھے لیکن مختلف ممالک قطر‘ سعودی عرب‘ دبئی‘ ابو ظہبی‘ شارجہ‘ کویت کے علاوہ دیگر مقامات سے جو اطلاعات موصول ہو رہی ہیں اس کے مطابق ان ممالک میں ویسٹرن یونین کی جانب سے ہندستان رقم منتقلی کیلئے قبول نہیں کی جا رہی ہے جس کے سبب انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔اسی طرح شہر میں رہنے والے خاندانوں کو معاشی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کیونکہ ان کی آمدنی کا دار ومدار بیرون ملک سے آنے والے اخراجات پر ہوتا ہے اور وہ ان رقومات کو مکمل مہینہ استعمال کرتے ہوئے گرہستی چلاتے ہیں اور دیگر ضروری بل ادا کئے جاتے ہیں لیکن جاریہ ماہ کے اوائل میں حکومت کی جانب سے اچانک کرنسی کی تنسیخ کے فیصلہ کے بعد سے ویسٹرن یونین میں رقومات قبول نہ کئے جانے کے سبب ان لوگوںکو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جن لوگوں کو بیرون ملک سے ہرماہ10تاریخ کے بعد رقومات وصول ہوا کرتی تھیں۔کئی غیر مقیم ہندستانیوں کے اہل خانہ کو درپیش ان مسائل کے حل کیلئے بعض لوگ قرض حاصل کرنے پر مجبور ہیں تو کچھ لوگ اخراجات میں تخفیف کے ذریعہ حالات سے نمٹنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن ضروری اخراجات کیلئے مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

TOPPOPULARRECENT