Thursday , September 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / فائنل سے قبل سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے

فائنل سے قبل سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے

اوول ۔17 جون (سیاست ڈاٹ کام )آئی سی سی چیمپپئنز ٹرافی کے فائنل میں روایتی حریف پاکستان اور ہندوستان مدمقابل ہوں گے، اس آخری اور سب سے بڑے فائنل میں ایک دن پہلے سے ہی شائقین کا جوش ابھی سے بے قابو ہے۔گروپ میچ میں ہندوستان سے شکست کے بعد پاکستانی ٹیم کے شاندار واپسی کے بعد کرکٹ شائقین فائنل میں ایک اچھا مقابلہ دیکھنے کے لئے پرامید ہیں۔یہی وجہ ہے کہ سماجی روابط کی ویب سائٹس پر شائقین کرکٹ کی نیک خواہشات، جوش، خوشی، خدشات اور امید سے بھرے پیغامات کا تانتا بندھ گیا ہے۔آئی سی سی بھی روایتی حریفوں کے درمیان متوقع اس اہم مقابلے کی اہمیت جانتی ہے اور اس فائنل کے حوالے سے اپنی پرجوش ویڈیو جاری کرچکی ہے۔کرکٹ کے ایک دیوانے کا تو خیال ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے مقابلے سے قبل گھبراہٹ، پریشانی اور متلی ہی اصل جذبات ہیں، باقی پرجوش تو صرف وقتی فینز ہوا کرتے ہیں۔میچ کے نتائج کے برعکس کئی لوگوں کو اس بات کا غم بھی ہے کہ وہ یہ اہم ترین میچ اسٹیڈیم میں نہیں دیکھ سکیں گے۔مثلاً ایک ٹوئٹر صارف نے اسٹیڈیم میں صفائی کا کام کرنے کی خواہش کا اظہار کردیا، تاکہ اس بہانے وہاں کرکٹ دیکھنے کا موقع تو میسر آسکے۔شائقین کے جوش و خروش کو دیکھتے ہوئے ٹکٹس فروخت کرنے والوں نے بھی ٹکٹس کی قیمتوں کو آسمان پر پہنچادیا ہے اور بقول ایک ٹوئٹر صارف 35 پاؤنڈز کا ٹکٹ 1 ہزار پاؤنڈز میں فروخت کیا جارہا ہے، جس پر وہ کہہ رہی ہیں کہ ایسا کرنے والے ‘کچھ تو رحم کریں’۔ایک صارف کے خیال سے چیمپیئنز ٹرافی کا یہ فائنل زندگی بھر میں ہونے والے کسی ‘ایک بہت خاص میچ’ کی حیثیت رکھتا ہے۔لوگوں کے پرجوش ہونے کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ پاکستان اور ہندوستان کی ٹیم کے موجودہ دونوں ہی کپتان انڈر 19 کپ کے فاتح کپتان رہ چکے ہیں۔پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے یہ اعزاز 2006 میں پاکستان کے نام کیا جبکہ ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی 2008 میں خطاب جیتنے میں کامیاب ہوئے۔شائقین کا جوش ہند۔پاک سرحد کی دونوں جانب بھرپور ہے اور یہ ہی وجہ ہے کہ ہندوستانی ٹوئٹر صارفین بھی اپنی ٹوئیٹس سے صورتحال کو مزید گرماگرم بنانے میں مصروف ہیں۔دونوں ممالک کے شائقین اپنی اپنی ٹیم کی کامیابیوں کی امید کے ساتھ سوشیل میڈیا پر اپنے خیالات کا دل کھول کر اظہار کررہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT