Sunday , May 28 2017
Home / شہر کی خبریں / فاروق حسین ‘ گورنر کوٹہ سے ٹی آر ایس کے ایم ایل سی امیدوار

فاروق حسین ‘ گورنر کوٹہ سے ٹی آر ایس کے ایم ایل سی امیدوار

ارکان اسمبلی کوٹہ سے مسرس گنگادھر گوڑ، اے کرشنا ریڈی اور منیم پلی ہنمنت راؤ امیدوار ہونگے
حیدرآباد 5 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے اپنے ارکان قانون ساز کونسل (ارکان اسمبلی کوٹہ اور گورنر کوٹہ) انتخاب کے لئے امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دے دی۔ بتایا جاتا ہے کہ صدر ٹی آر ایس و چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے اپنے بااعتماد پارٹی رفقاء کے ساتھ ارکان اسمبلی کوٹہ اور گورنر کوٹہ کے تحت درکار تعداد کے مطابق ارکان کونسل امیدواروں کے ناموں پر تفصیلی غور کرکے بالآخر آج ٹی آر ایس امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا۔ پارٹی کے باوثوق ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہاکہ ارکان اسمبلی کوٹہ کے تحت ٹی آر ایس کونسل امیدواروں میں مسرس گنگادھر گوڑ، اے کرشنا ریڈی اور منیم پلی ہنمنت راؤ کے علاوہ گورنر کوٹہ کے تحت دو ارکان کونسل امیدواروں میں مسرس ڈی راجیشور اور محمد فاروق حسین کے ناموں کو قطعیت دیتے ہوئے باقاعدہ طور پر اعلان کیا گیا جبکہ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ حیدرآباد شہر سے ادارہ جات مقامی کوٹہ کے تحت مجلس کے امیدوار جناب سید امین الحسن جعفری کو تلنگانہ راشٹرا سمیتی کی جانب سے مکمل تائید و حمایت کا اعلان کیا تھا جس کی وجہ سے مجلس امیدوار برائے ادارہ جات مقامی شہر حیدرآباد جناب سید امین الحسن جعفری کا بلا مقابلہ انتخاب عمل میں آیا۔ ارکان اسمبلی کوٹہ کے تحت ٹی آر ایس کے امیدوار 6 مارچ کو اپنے پرچہ جات نامزدگیاں داخل کریں گے۔ اسی دوران جناب محمد فاروق حسین نے انھیں کونسل امیدوار نامزد کرنے پر صدر ٹی آر ایس و چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ، وزیر آئی ٹی مسٹر کے ٹی راما راؤ اور وزیر آبپاشی مسٹر ٹی ہریش راؤ سے اظہار تشکر کیا اور کہاکہ وہ اپنے انتخاب کے بعد پارٹی کو مستحکم بنانے اور عوامی مسائل کی یکسوئی کے لئے کوشش کریں گے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT