Saturday , September 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / فاف ڈوپلیسی افریقی ٹیم میں بڑی تبدیلیوں کے مخالف

فاف ڈوپلیسی افریقی ٹیم میں بڑی تبدیلیوں کے مخالف

جوہانسبرگ ۔12 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام )جنوبی افریقی ٹسٹ کپتان فاف ڈو پلیسی نے ٹیم کی ذمہ داری سنبھالنے والے ممکنہ ہیڈ کوچ اوٹس گبسن کی جانب سے ٹیم میں بہت زیادہ تبدیلیوں کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے کوچنگ اسٹاف کو کھلاڑیوں سے مکمل واقفیت میں کچھ وقت لگے گا۔ فاف ڈو پلیسی کے مطابق انہیں یہ معلوم ہوا ہے کہ رسل ڈومنگو کی جگہ انگلینڈ کے سابق بولنگ کوچ اوٹس گبسن کے تقرر کا فیصلہ کوچنگ پینل نے کیا ہے اور ظاہر سی بات ہے کہ نیا ہیڈ کوچ اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد کچھ تبدیلیاں بھی کر سکتا ہے۔کہا جا رہا ہے کہ ٹیم کے کوچنگ عملہ میں بھی تبدیلیاں متوقع ہیں لیکن کپتان نے بیٹنگ کوچ نیل میکنزی، بولنگ کوچ چارل لانگے فیلٹ اور اسپن بولنگ کوچ کلاڈ ہینڈرسن کو برقرار رکھنے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دانشمندی تو یہی ہو گی کہ بڑی تبدیلیوں کے بجائے چند معمولی چیزوں کو تبدیل کیا جائے کیونکہ اگر نیا کوچنگ اسٹاف لایا گیا تو اسے کھلاڑیوں سے مکمل واقفیت میں کچھ وقت لگے گا جس سے ٹیم کا اشتراک متاثر ہو سکتا ہے۔ متوقع کوچ اوٹس گبسن کیلئے زیادہ بہتر یہی ہوگا کہ وہ پہلے آکر یہ محسوس کریں کہ ٹیم کی ضرورت کیا ہے اور اگر انہیں تبدیلیاں درکار ہیں تو اس کیلئے کچھ عرصے میں فیصلہ کیا جائے کیونکہ جنوبی افریقی ٹیم کے موجودہ کوچز اپنی خدمات بہترین انداز سے انجام دے رہے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ سیزن میں آسٹریلیا،سری لنکا اور نیوزی لینڈ کیخلاف کامیابیاں حاصل کرنے والی افریقی ٹیم کو انگلینڈ کیخلاف 3-1 سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑاجس کے بعد ہیڈ کوچ کی تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا۔

TOPPOPULARRECENT