Sunday , October 22 2017
Home / شہر کی خبریں / فتح میدان کلب پر دھاوا ‘ بھاری رقومات ضبط

فتح میدان کلب پر دھاوا ‘ بھاری رقومات ضبط

حیدرآباد ۔ 21نومبر ( سیاست نیوز) نوٹوں کی تنسیخ کی ہنگامہ آرائیوں کے دوران آج شہر میں محکمہ انکم ٹیکس کی جانب سے فتح میدان کلب پر دھاوا کرتے ہوئے بھاری رقومات ضبط کی گئی ۔ لال بہادر اسٹیڈیم فتح میدان کلب میں موجود کمروں اور دیگر مقامات کی مکمل تلاشی لینے کے بعد عہدیداروں نے بھاری رقومات ضبط کرتے ہوئے اس سلسلہ میں کسی بھی اطلاع کا انکشاف کرنے سے انکار کردیا اور کہا کہ تحقیقات کے بعد ہی مکمل تفصیلات کا افشاء کیا جائے گا ۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے بموجب محکمہ انکم ٹیکس کے اعلیٰ عہدیداروں کی نگرانی میں کئے گئے اس دھاوے کے دوران لال بہادر اسٹیڈیم میں واقع فتح میدان کلب کے کمروں میں بھاری رقومات جمع رکھی گئی تھی جنہیں ضبط کرلیا گیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ خصوصی اطلاع موصول ہونے کے بعد محکمہ انکم ٹیکس نے منصوبہ بند طریقہ سے کلب پر دھاوا کرتے ہوئے تمام ملازمین کو باہر نکال دیا اور کلب میں موجود اراکین و دیگر افراد کو بھی باہر نکل جانے کیلئے کہا گیا ۔ شام 6:30بجے شروع کئے گئے اس دھاوے کا سلسلہ رات دیر گئے تک جاری رہا اور مکمل تلاشی کے دوران کسی کو بھی کلب میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ کلب میں قماربازی اور منسوخ کرنسی جمع کئے جانے کی خفیہ  اطلاع پر محکمہ انکم ٹیکس نے یہ کارروائی انجام دی ۔ اس کارروائی کے دوران محکمہ انکم ٹیکس کے اعلیٰ عہدیداران موجود تھے ۔ فتح میدان کلب میں انکم ٹیکس دھاوے کے دوران کلب کے اطراف و اکناف علاقہ کی ناکہ بندی کردی گئی تھی اور کلب کے حدود میں کسی کو داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی ۔

TOPPOPULARRECENT