Saturday , August 19 2017
Home / دنیا / فرانس: مسافر ٹرین پر مسلح شخص کے حملے میں تین افراد زخمی

فرانس: مسافر ٹرین پر مسلح شخص کے حملے میں تین افراد زخمی

پیرس۔ 22 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) فرانس کے دارالحکومت پیرس سے ایمسٹرڈیم جانے والے مسافر ٹرین میں مسلح شخص کے حملے میں کم سے کم تین افراد زخمی ہوئے ہیں۔ مسافروں نے مسلح شخص کو قابو میں لینے کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔ مسلح شخص نے شمالی فرانس کے قریب میں ٹرین میں فائرنگ کرنے کیلئے بندوق تانی ہی تھی کہ ٹرین میں سوار امریکی مسافروں نے اسے فوری دبوچ لیا۔ ٹرین پر حملے کرنے والے شخص کا تعلق مراکش سے ہے اوراس کی عمر 26 برس ہے۔ مسلح شخص کو حراست میں لینے کے بعد انسدادِ دہشت گردی کے حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ حملے آور پر قابو پانے والے تین امریکی شہریوں میں سے دو کا تعلق امریکی فوج سے ہے۔ امریکی صدر اوباما نے امریکی شہریوں کے اقدام کو سراہا ہے۔ ملزم کے پاس سے کلاشنکوف، چاقو اور ایک آٹومیٹک پستول اوراس کی گولیاں برآمد ہوئیں ہیں۔ فرانسیسی حکام کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے تین افراد میں سے دو کی حالت نازک ہے۔ زخمی ہونے والے ایک شخص کو گولی لگی ہے جبکہ دوسرے پر چاقو سے وار کیا گیا ہے۔ ادھر وائٹ ہاؤس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’مسافروں کی ہمت و حوصلہ اور فوری ردعمل پر صدر نے فخر و تحسین کا اظہار کیا ہے۔ ان مسافروں میں شامل امریکی فوج کے افراد نے حملہ آور کو قابو کر لیا‘‘۔ بلجیئم کے وزیراعظم نے اس حملے کو ’ دہشت گرد حملہ ‘ قرار دیا۔ فرانسیسی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ حملہ آور کو قابو کرنے والے مسافر امریکی فوجی تھے جو واش روم میں پستول کو لوڈ کرنے کی آواز سننے کے بعد حرکت میں آئے اور جیسے ہی مسلح شخص واش روم سے باہر نکلا،اُسے پکڑ لیا گیا۔

TOPPOPULARRECENT