Friday , August 18 2017
Home / دنیا / فرانس کی ایئرہوسٹس کا ایران میں حجاب پہننے سے انکار

فرانس کی ایئرہوسٹس کا ایران میں حجاب پہننے سے انکار

پیرس ۔ 4 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) فرانس میں ہوابازی کی خدمات کی قومی انجمن کا کہنا ہے کہ فرانس کی فضائی کمپنی ’’ایئر فرانس‘‘ کی خواتین اہلکاروں اور فضائی میزبانوں نے ایران جانے والی پروازوں اور تہران ایئرپورٹ پر قیام کے دوران حجاب (سر پر اسکارف) پہننے سے انکار کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ ایران کے ساتھ نیوکلیئر معاہدہ طے پانے کے بعد ایک اہم پیشرفت میں، 8 برس کے وقفہ کے بعد 17 اپریل سے پیرس اور تہران کے درمیان فضائی پروازیں چلانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ’’ایئر فرانس‘‘ کمپنی نے اپنی خواتین فضائی میزبانوں کے لئے یہ ہدایت جاری کی تھی کہ وہ ایران کے لئے عنقریب دوبارہ شروع ہونے والی پروازوں کے دوران سر پر اسکارف لگائیں اور اسکرٹ کے بجائے ٹراؤزر پہنیں۔ ہوابازی کی قومی انجمن کے ایک ذمہ دار کا کہنا ہے کہ خواتین فضائی میزبانوں کی ایک بڑی تعداد نے انجمن سے رابطہ کر کے حجاب پہننے سے انکار کردیا ہے۔ اس سے قبل ’’ایئر فرانس‘‘ نے ان ہدایات کی خلاف ورزی کی صورت میں پابندیاں عائد کرنے کا انتباہ جاری کیا تھا۔ دوسری جانب ’’ایئر فرانس‘‘ نے باور کرایا ہے کہ جس ملک کا سفر کیا جا رہا ہو، وہاں غیرملکی زائرین کی طرح طیارے کے عملے پر بھی اس ملک کے قوانین پر چلنا لازم ہوتا ہے۔ ایرانی قانون کے مطابق پورے ملک میں عوامی مقامات پر خواتین کیلئے حجاب پہننا لازم ہے۔ ’’ایئر فرانس‘‘ کے مطابق ایران کیلئے پروازیں چلانے والی تمام بین الاقوامی فضائی کمپنیاں ان ہدایات کی پابندی کرتی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT