Saturday , August 19 2017
Home / Top Stories / فرانس یورو 2016 کے ناک آؤٹ مرحلے میں رسائی

فرانس یورو 2016 کے ناک آؤٹ مرحلے میں رسائی

پیرس ، 20 جون (سیاست ڈاٹ کام) یورو کپ 2016 کے گروپ اے کے میچ میں میزبان فرانس اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا، جس کے بعد دونوں ٹیموں نے ناک آؤٹ مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا جبکہ البانیہ نے رومانیہ کو 0-1 سے شکست دے کر گروپ بی میں تیسری پوزیشن حاصل کرلی۔ فرانس میں جاری ایونٹ میں میزبان فرانس اور سوئٹزرلینڈ کو اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی کرنے میچ کو ڈرا کرنا تھا اور دونوں ٹیموں نے مقابلہ جیتنے کی بجائے برابر کرنے کی کوشش کی اور اس میں کامیاب بھی ہوئے۔ فرانس کے پائیٹ کو میچ کے دوسرے ہاف میں گول کرنے کا سنہری موقع ملا تھا لیکن وہ اس سے فائدہ اٹھانے میں ناکام ہوئے اور گیند کک بار سے ٹکرا کر واپس آگئی۔ دو سال قبل برازیل میں فرانس نے سوئٹزرلینڈ کو 2-5 سے شکست دے کر ورلڈ کپ کے اگلے مرحلے میں جگہ بنائی تھی۔ ایونٹ کی پسندیدہ میزبان ٹیم کو کامیابی کیلئے اپنی کارکردگی میں بہتری پیدا کرنی ہوگی کیونکہ تاحال وہ غیرمعمولی پرفارمنس پیش کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ فرانس کے کوچ نے کہا: ’’میں اندھا نہیں ہوں، میں جانتا ہوں کہ ہم بہتر کرسکتے ہیں‘‘۔ دوسری جانب البانیہ نے رومانیہ کو 0-1 سے شکست دے کر گروپ میں تیسری پوزیشن حاصل کی اور ٹورنمنٹ میں اپنی جگہ قائم رکھنے کی امیدیں بحال کی ہیں۔ البانیہ کی جانب سے ارمانڈو اڈیکو نے واحد گول کیا۔ یہ البانیہ کا بین الاقوامی مقابلوں میں پہلا گول تھا۔ البانیہ کے اطالوی کوچ جیووانی ڈی بیاسی نے کہا: ’’ اگر ہم ٹورنمنٹ میں رہے تو دیگر بڑی ٹیموں کیلئے مشکلات ہوں گی کیونکہ آج ہمیں زیادہ اعتماد ملا ہے۔ ہمیں اعتماد کیلئے پہلے دو میچز ضروری تھے۔‘‘ گروپ بی میں انگلینڈ سرفہرست ہے جبکہ ویلز اور روس کے درمیان میچ کے بعد گروپ کی پوزیشن واضح ہوگی جس کے بعد البانیہ کی اگلے مرحلے میں پیشرفت کرنے کا بھی فیصلہ ہوجائے گا۔

TOPPOPULARRECENT