Saturday , August 19 2017
Home / شہر کی خبریں / فرزندان مسقطی صاحب کا اظہار تشکر

فرزندان مسقطی صاحب کا اظہار تشکر

حیدرآباد۔/27اگسٹ، ( سیاست نیوز) الحاج ابراہیم بن عبداللہ مسقطی مرحوم کے افراد خاندان نے دکھ کی اس گھڑی میں اُن سے اظہار تعزیت کرنے والے افراد سے اظہار تشکر کیا۔ مرحوم کے فرزندان عرفان مسقطی، سلطان مسقطی، علی مسقطی، منان مسقطی، خالد مسقطی اور عادل مسقطی نے تمام سیاسی ، مذہبی، سماجی شخصیتوں، قائدین اور اداروں سے اظہار تشکر کیا جنہوں نے ان کی قیامگاہ پہنچ کر پرسہ دیا۔ فرزندان نے جلوس جنازہ اور تدفین میں شرکت کرنے والے ہزاروں بلا لحاظ مذہب وملت افراد کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کے والد سے اپنی گہری عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔ فرزندان نے کہا کہ وہ اپنے والد کے فلاحی ، رفاہی اور ملی خدمات کے تسلسل کو جاری رکھنے کی حتیٰ المقدور کوشش کریں گے اور اس سلسلہ میں انہیں سماج کے ہرگوشہ سے تعاون اور دعاؤں کی ضرورت ہے۔ فرزندان مسقطی صاحب نے کہا کہ والد کے انتقال پر انہیں جو شخصی صدمہ پہنچا اس کی تلافی تو ناممکن ہے تاہم سماج کی نمائندہ شخصیتوں اور عوام نے جس محبت کا اظہار کیا اور ان کے غم میں شریک ہوکر اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ مرحوم مسقطی صاحب کے مشن کو جاری رکھنے میں تمام کا تعاون شامل حال رہے گا۔ انہوں نے خاص طور پر جناب زاہد علی خاں اور جناب محبوب عالم خاں کی سرپرستی کا حوالہ دیا اور کہا کہ جس طرح 50برسوں سے زائد تک یہ والد محترم کے ساتھ بے لوث دوست کی طرح رہے اسی طرح مسقطی خاندان کی سرپرستی و رہنمائی جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ ملک و بیرون ملک سے تعزیت کا اظہار کرنے والوں کا سلسلہ ابھی جاری ہے اور وہ اس بات کی کوشش کریں گے کہ عوامی خدمت کے تسلسل کو جاری رکھتے ہوئے والد محترم کیلئے ایصال ثواب کا ذریعہ بنیں۔

TOPPOPULARRECENT