Sunday , August 20 2017
Home / جرائم و حادثات / فرضی فیس بک اکاونٹ پر خاتون کی تصویر کے ساتھ ہراسانی کا شاخسانہ

فرضی فیس بک اکاونٹ پر خاتون کی تصویر کے ساتھ ہراسانی کا شاخسانہ

سائبر کرائم میں شکایت پر کارروائی ، ملزم گرفتار
حیدرآباد /10 اگست ( سیاست نیوز ) دوستی کے دوران حاصل کردہ تصاویر سے دشمنی نبھانے والے ایک شخص کو رچہ کنڈہ سائبر کرائم پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ انسپکٹر رچہ کنڈہ سائبر کرائم محمد ریاض الدین نے بتایا کہ ایک 42 سالہ خاتون نے جو پیشہ سے خانگی ملازمہ ہے نے سائبر کرائم سے رجوع ہوکر شکایت درج کروائی تھی ۔ پولیس نے شکایت پر تحقیقات کے بعد کارروائی کرتے ہوئے ایک 45 سالہ شخص این رام پرشاد ساکن میرپیٹ کو گرفتار کرلیا ۔ اس شخص نے اس خاتون کی تصاویر کا غلط استعمال کرتے ہوئے فرضی فیس بک اکاونٹ تیار کیا تھا اور خاتون کو ہراساں کر رہا تھا ۔ اس شخص نے فرضی یوزر آئی ڈی تیار کرتے ہوئے عریاں و فحش ویب سائیٹس پر خاتون کی تصاویر کو پیش کردیا اور شکایت گذار خاتون کے سیل نمبر کو برائے رابطہ میں پیش کیا ۔ اس دوران خاتون کے رشتہ دار نے اس سائٹ کو دیکھنے کے بعد خاتون کو آگاہ کیا اور اس خاتون نے پولیس سے رجوع ہوکر شکایت کردی ۔ بتایا جاتا ہے کہ گرفتار شخص اور شکایت گذار خاتون کے درمیان پہلے دوستانہ تعلقات تھے اس وقت رام پرشاد نے خاتون کو نجی تصاویر کو حاصل کرتے ہوئے اپنے یہاں محفوظ کرلیا تھا ۔ تاہم گذشتہ چند روز سے خاتون نے اس شخص سے رابطہ بند کردیا اور اس سے کنارہ کشی حاصل کرلی اور اس کے سوالات اور پیامات کا جواب بھی نہیں دے رہی تھی ۔ اس بات پر برہم شخص نے بدلہ لینے کی ٹھان لی اور خاتون کو رسواء کرتے ہوئے کوئی کسر باقی نہ رکھا ۔ پولیس نے میرپیٹ علاقہ سے گرفتاری کے بعد اس کے سیل فون کو بھی ضبط کرلیا اور اسے عدالتی تحویل میں دے دیا ۔

TOPPOPULARRECENT