Wednesday , August 23 2017
Home / اضلاع کی خبریں / فرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے سب کا تعاون ضروری

فرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے سب کا تعاون ضروری

نظام آباد میں امن کمیٹی اجلاس سے ایس ایچ او نرسنگ یادیا کا خطاب
نظام آباد:10؍ ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)گنیش تہوار اور عیدالاضحی کے موقع پر جمعیت القریش نظام آباد فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی برقراری کیلئے محکمہ پولیس کے ساتھ ہر ممکنہ تعاون کرنے کیلئے تیار ہے۔ ریاستی سکریٹری جمعیت القریش نظام آباد فہیم قریشی نے IIٹائو ن پولیس اسٹیشن میں ایس ایچ او نرسنگ یادیا کی زیر صدارت منعقد ہ اجلاس میں یہ بات کہی ۔ گنیش تہوار اور عیدالاضحی کے یکساں انعقاد کے باعث محکمہ پولیس کی جانب سے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی برقراری کیلئے امن کمیٹی اجلاس کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے اور جانوروں کی منتقلی کے دوران کوئی ناگہانی واقعہ پیش نہ آنے دینے کیلئے جمعیت القریش کا تعائون حاصل کیا جارہا ہے ۔ ایس ایچ او نرسنگ یادیا نے قریش برادری پر زور دیا کہ وہ گائے کی قطعی منتقلی نہ کرے جس پر فہیم قریشی نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت القریش کی جانب سے گائو کشی پر امتناع عائد کئے جانے کے بعد سے ہی گائے کی تجارت کو منسوخ کردیا گیا اور جمعیت القریش قطعی گائے کی منتقلی نہیں کرے گی۔ ساتھ ہی انہوں نے جانور کی منتقلی کے دوران بعض عناصر کی جانب سے روکے جانے پر اعتراض کیا۔ ایس ایچ او نے ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے چار چیک پوسٹ قائم کرنے کا اعلان کیا ۔ اس اجلاس میں غفور قریشی ، یونس قریشی ، حفیظ قریشی ، سلیم قریشی ، رزاق قریشی، امیرقریشی کے علاوہ دیگر موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT