Monday , September 25 2017
Home / کھیل کی خبریں / فرنچ اوپن کا آج آغاز‘جوکووچ اور سرینا کی ریکارڈ خطاب پر نظریں

فرنچ اوپن کا آج آغاز‘جوکووچ اور سرینا کی ریکارڈ خطاب پر نظریں

پیرس۔21 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) سال کے دوسرے گرانڈسلام ٹینس ٹورنمنٹ فرنچ اوپن کا کل آغاز ہورہا ہے اور ڈراز کے مطابق عالمی نمبر ایک سربیائی اسٹار نوواک جوکووچ کا رافل نڈال، اینڈی مرے کا اسٹانسلس واورینکا سے سیمی فائنل میں ٹکراو کا امکان ہے۔ فرنچ اوپن کا آغاز اتوار کو ہورہا ہے اور مینز سنگلز میں واورینکا اور ویمنز سنگلز میں سرینا ولیمز خطاب کا دفاع کریں گے۔آرگنائزرز نے پہلے ہی ایونٹ کے مینز اینڈ ویمنز سنگلز ڈراز کا اعلان کردیا ہے اور اس کے بعد عالمی نمبر ایک جوکووچ تائیوان کے ین سن لو کے خلاف مہم کا آغاز کریں گے جبکہ  دفاعی چیمپئن واورینکا کو ابتدائی راونڈ میں چیک جمہوریہ کے  لیوکس رسل کا چیلنج درپیش ہوگا جبکہ اینڈی مرے کو پہلے راونڈ میچ میں کوالیفائر کھلاڑی کی آزمائش کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ناک آوٹ مرحلے  میں جوکووچ کا نڈال اور مرے کا واورینکا سے مقابلہ متوقع ہے۔ امریکی اسٹار اور عالمی نمبر ایک سرینا ولیمز ابتدائی میچ میں سلواکین کھلاڑی کے خلاف خطابی مہم کا آغاز کریں گی۔ سرینا کی نظریں ریکارڈ 22 ویں خطاب پر مرکوز ہیں جس کے ذریعہ وہ جرمنی کی سابق عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار اسٹیفی گراف کے ریکارڈ کی برابری کریں گی اور اس طرح وہ سب سے زیادہ گرانڈ سلام حاصل کرنے والی کھلاڑیوں کی فہرست میں مشترکہ طور پر گراف کے ساتھ پہلا مقام حاصل کرسکتی ہیں۔

مونفلس بھی فرنچ اوپن سے دستبردار
پیرس۔21 مئی (سیاست ڈاٹ کام )فرنچ ٹینس اسٹار گیل مونفلس بھی فرنچ اوپن سے دستبردار ہوگئے کیونکہ وہ چند دنوں سے وائرل انفیکشن کا شکار ہیں اور ڈاکٹرز نے انہیں مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے لہٰذا وہ کیریئر میں دوسری مرتبہ گرانڈ سلام ایونٹ میں کھیلنے سے قاصر ہیں۔ فرنچ ٹینس فیڈریشن نے بھی گیل مونفلس کی ایونٹ سے دستبرداری کی باضابطہ تصدیق کردی ہے جبکہ ان کے ایجنٹ نے کہا ہے کہ29سالہ کھلاڑی کو کمزوری اور بیماری کے باعث گزشتہ دنوں اسپتال میں داخل کرنا پڑا تھا۔ 2012 ء میں بھی گھٹنے کے زخم کے باعث گیل مونفلس ٹورنمنٹ میں شرکت نہیں کرپائے تھے ۔ واضح رہے کہ زخمی ہوکر فرنچ اوپن سے دستبردار ہونے والوں میں راجر فیڈرر بھی شامل ہیں۔

TOPPOPULARRECENT