Thursday , September 21 2017
Home / شہر کی خبریں / فضول خرچی والی شادیوں کا بائیکاٹ کرنے جناب زاہد علی خاں کے اعلان کا خیر مقدم

فضول خرچی والی شادیوں کا بائیکاٹ کرنے جناب زاہد علی خاں کے اعلان کا خیر مقدم

جناب محمد سلیم کے فیصلہ کی ستائش ، دفتر سیاست میں ایم ڈی ایف کا اجلاس ، جناب عابد صدیقی کا بیان
حیدرآباد ۔ 21 ۔ جولائی : ( دکن نیوز ) : مینارٹیز ڈیولپمنٹ فورم نے جناب زاہد علی خاں کی جانب سے فضول خرچی والی شادیوں میں شرکت نہ کرنے کے اعلان کی مکمل اور بھر پور تائید کا فیصلہ کیا ہے ۔ فورم کا خصوصی اجلاس آج دفتر ایم ڈی ایف احاطہ روزنامہ سیاست منعقد ہوا ۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف نے صدارت کی ۔ اجلاس نے آل انڈیا جمعیت القریش حیدرآباد اور جناب محمد سلیم رکن قانون ساز کونسل کو مبارکباد دی کہ انہوں نے موجودہ حالات کے پیش نظر اور وقت کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے نہایت درد مندانہ اور مثالی اقدام کیا ہے جو پورے مسلم معاشرے کے لیے مینارہ نور کی حیثیت رکھتا ہے ۔ جمعیت القریش کا یہ فیصلہ امید ہے کہ ہمارے ضمیر کو بیدار کرنے اور ہماری بے حسی اور غفلت کو جھنجوڑنے کا باعث بنے گا ۔ ارکان نے اس مشترکہ خیال کا اظہار کیا کہ تعلیم یافتہ اور ملت کے ذمہ دار اصحاب بھی اپنے لڑکوں اور لڑکیوں کی شادیوں میں دولت کو پانی کی طرح بہا رہے ہیں ۔ جھوٹی شان و شوکت اور اپنے مرتبہ کو جتانے کیلئے بے جا غیر اسلامی رسومات ، بینڈباجا ، آتش بازی اور دیگر لغویات میں ملوث ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حضور اکرمؐ نے شادی کو آسان بنانے کی ہدایت دی ہے لیکن ہم اس طرح کے فرسودہ رسومات کے ذریعہ زنا کو آسان اور شادی کو مشکل بنانے کے درپے ہیں ۔ فورم کے ارکان نے طئے کیا کہ جناب زاہد علی خاں ، جناب ظہیر الدین علی خاں اور جناب عامر علی خاں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے وہ ایسی تمام شادیوں کا بائیکاٹ کریں گے جن میں اسراف اور غیر اسلامی طریقوں کو اختیار کیا جائے گا ۔ اجلاس میں یم اے قدیر ، محمد شاہد حسین ، احمد صدیقی مکیش ، محمد برکت علی ، سید اصغر حسین ، صالح بن عبداللہ باحاذق ، محمد نصر اللہ خاں ، ایم اے واحد اور دوسروں نے شرکت کی ۔۔

TOPPOPULARRECENT