Wednesday , April 26 2017
Home / جرائم و حادثات / فلائٹ ہائی جیک کئے جانے کی اطلاع دینے والا نوجوان گرفتار

فلائٹ ہائی جیک کئے جانے کی اطلاع دینے والا نوجوان گرفتار

فضائی سفر کیلئے معشوقہ کے اصرار پر عاشق کی چالبازی مہنگی پڑی ، جیل منتقل
حیدرآباد ۔ /20 اپریل (سیاست نیوز) معشوقہ کی جانب سے فلائیٹ کے ذریعہ تفریح کروانے کے اصرار پر ممبئی پولیس کو ہائی جیک کی اطلاع دیتے ہوئے فرضی ای میل روانہ کرنے والے ایک نوجوان کو ٹاسک فورس نے گرفتار کرلیا ۔ تفصیلات کے بموجب /15 اپریل کو پولیس کمشنر ممبئی کو ایک ای میل موصول ہوا تھا جس میں حیدرآباد ، چینائی اور ممبئی ایرپورٹس پر مشتبہ افراد کی جانب سے فلائیٹ ہائی جیک کئے جانے کی اطلاع دی گئی تھی ۔ ممبئی پولیس فوری حرکت میں آکر تمام ایرپورٹس پر ریڈالرٹ کیلئے اطلاع دیدی تھی اور سی آئی ایس ایف عملہ کے کمانڈوز مذکورہ تین ایرپورٹس پر چوکسی اختیار کرتے ہوئے پاسنجروں کی جھڑتی اور بیگیجیس کی مکمل اسکیننگ کرنے لگے ۔ ممبئی پولیس نے حیدرآباد پولیس کو میل موصول ہونے کی اطلاع دی تھی جس کے بعد سٹی پولیس سربراہ مسٹر مہیندر ریڈی نے اس مشتبہ میل کی تحقیقات کیلئے کمشنر ٹاسک فورس ویسٹ زون کو ذمہ داری دی تھی ۔ تحقیقات کے دوران ٹاسک فورس نے آئی پی ایڈریس کی مدد سے مدورا نگر ، ایس آر نگر کے انٹرنیٹ سنٹر ای نیٹ زون کا پتہ لگایا اور 8 افراد کی جانب سے /15 اپریل کو انٹرنیٹ استعمال کرنے کی تفصیلات حاصل کی تھی ۔ مقامی سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ٹاسک فورس نے 32 سالہ ایم ومشی کرشنا ساکن میاں پور کی نشاندہی کی اور اسے فوری حراست میں لے لیا ۔ تفتیش کے دوران ٹاسک فورس کو یہ پتہ چلا ہے کہ ومشی کرشنا اکثر اپنی گرل فرینڈ سے انٹرنیٹ پر چیاٹنگ کیا کرتا تھا اور حالیہ دنوں اس کی گرل فرینڈ نے ممبئی اور گوا کا بذریعہ فلائیٹ تفریح کرانے کا اصرار کیا تھا ۔ ومشی کرشنا جس کی مالی حالت کمزور تھی ۔ گرل فرینڈ کو چکمہ دینے کیلئے فرضی فلائیٹ ٹکٹ بذریعہ ای میل اسے روانہ کیا اور فوری مدورا نگر ایس آر نگر پہونچ کر انٹرنیٹ سنٹر سے فرضی ای میل آئی ڈی تیار کرتے ہوئے خود کو ایک خاتون ظاہر کرتے ہوئے ممبئی پولیس کو ای میل روانہ کیا ۔ ومشی کرشنا نے اس میل میں کمشنر پولیس کو یہ بتایا کہ اس نے تین مسلم نوجوانوں کو یہ گفتگو کرتے ہوئے سنا ہے کہ وہ کل حیدرآباد چینائی اور ممبئی ایرپورٹ پر فلائیٹ ہائی جیک کریں گے اور وہ جملہ 23 افراد ہیں جو مختلف علاقوں میں بٹ گئے ہیں تاکہ فلائیٹ ہائی جیک کی جاسکے ۔ ومشی کرشنا کے خلاف سائبر کرائم پولیس نے دھوکہ دہی اور آئی ٹی ایکٹ کے تحت ایک مقدمہ بھی درج کیا ہے اور اسے عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل منتقل کردیا ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT