Thursday , September 21 2017
Home / ہندوستان / فلاحی اسکیموں سے مسلمانوں کے بھرپور استفادہ کی توقع

فلاحی اسکیموں سے مسلمانوں کے بھرپور استفادہ کی توقع

مسلم وفد سے وزیراعظم نریندر مودی کی بات چیت، بچوں اور لڑکیوں کی تعلیم پر زور
نئی دہلی ۔ 13 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج اپنی اس امید کا اظہار کیا ہیکہ فصل بیمہ اسکیم اور مدرا اسکیم جیسی ان کی حکومت کی مختلف فلاحی اسکیموں سے مسلمان بھی بھرپور فوائد اٹھاسکیں گے۔ وزیراعظم مودی نے آج یہاں ان سے ملاقات کرنے والے مسلمانوں کے وفد سے بات چیت کے دوران اس امید کا اظہار کیا۔ وفد میں سرکردہ شیعہ عالم مولانا کلب جواد، بین الاقوامی اسلامی امور کے ماہر قمر آغا، شاہد صدیقی اور دوسرے شامل تھے۔ وزیراعظم کے دفتر (پی ایم او) کے ایک بیان کے مطابق وفد نے وزیراعظم کو سعودی عرب کے کامیاب دورہ پر بھی مبارکباد دی۔ بیان میں مزید کہا گیا ہیکہ مسلم قائدین کے وفد نے وزیراعظم مودی سے کہا کہ مغربی ایشیاء، وسط ایشیاء اور شمالی افریقہ کے مسلمان بالخصوص نوجوان ان (مودی) کے ترقیاتی ایجنڈہ سے کافی متاثر ہیں اور ہندوستان کے ساتھ بہتر تعلقات کے خواہاں ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہیکہ ’’وفد کے ارکان نے نریندر مودی کے ترقیاتی ایجنڈہ اور اس پر عمل آوری میں ان (مودی) کے کامیاب ریکارڈ کی ستائش کی‘‘۔ مودی نے وفد کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے لڑکیوں اور بچوں پر خصوصی توجہ کے ساتھ تعلیم کو اولین ترجیح اور ترجیح کا ایجنڈہ جاری رکھنے کے عہد کا اظہار کیا۔ مودی نے اس امید کا اظہار کیا کہ فصل بیمہ یوجنا اور مدرا یوجنا جیسی این ڈی اے کی مختلف فلاحی اسکیمات سے مسلمان بھی بھرپور استفادہ کریں گے۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT