Thursday , September 21 2017
Home / دنیا / فلوریڈا پرائمری میں صرف میں ٹرمپ کو شکست دے سکتا ہوں : مارکو روبیو

فلوریڈا پرائمری میں صرف میں ٹرمپ کو شکست دے سکتا ہوں : مارکو روبیو

15 مارچ کو منعقد شدنی پرائمریز میں اگر فلوریڈا اوراو ہائیو میں ٹرمپ جیت گئے تو روبیو اور کیسیچ انتخابی دوڑ سے عملاً باہر ہوجائینگے
واشنگٹن ۔ 10 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ری پبلکن پارٹی میں اس وقت صدارتی دوڑ میں سب سے آگے ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنی ہی پارٹی کے حریفوں پر سبقت بنائے رکھی ہے جبکہ اہم ترین فلوریڈا پرائمری آئندہ ہفتہ منعقد شدنی ہیں۔ 14 ریاستوں میں کامیابی کے بعد ٹرمپ کے پاس اس وقت سب سے زیادہ ڈیلی گیٹس (458) ہیں جبکہ سینیئر ٹیڈکروز (359) اور مارکو روبیو (151) کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔ فاکس نیوز کے مطابق تازہ ترین پول یہ ظاہر کرتے ہیں کہ فلوریڈا میں بھی ٹرمپ کو 43 فیصد تائید حاصل ہے جو ری پبلکن ووٹرس کی جانب سے تقریباً یقینی ہے اس کے بعد مارکو روبیو کا نام لیا گیا ہے جنہیں 20 فیصد تائید حاصل ہونے کی رپورٹ ہے حالانکہ گذشتہ منگل کو روبیو کی کارکردگی متاثرکن نہیں رہی۔ تاہم اگر وہ صدارتی انتخابات کی دوڑ میں برقرار رہنا چاہتے ہیں تو انہیں اپنی آبائی ریاست فلوریڈا میں کامیابی حاصل کرنا ضروری ہوگا۔ ایک ٹاؤن ہال میں انہوں نے یہ تیقن دیا ہیکہ وہ فلوریڈا پرائمری ضرور جیتیں گے اور اس جیت کے ساتھ صدارتی انتخابات کی دوڑ میں ری پبلکن پارٹی کا پورا موقف ہی تبدیل ہوجائے گا۔ ٹاؤن ہال میں ایم ایس این بی سی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ انہیں بعض ریاستوں میں ایسی کامیابی نہیں ملی جیسا کہ توقع کی جارہی تھی۔ تاہم فلوریڈا پرائمری میں اس نقصان کی پابجائی کرلی جائے گی کیونکہ فلوریڈا میں اگر کوئی ڈونالڈ ٹرمپ کو شکست دے سکتا ہے تو وہ میں (روبیو) ہوں۔

انہوں نے ووٹرس کو ایک پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اگر آپ نہیں چاہتے کہ ڈونالڈ ٹرمپ کو نامزد کیا جائے، اگر آپ ٹیڈ کروز کے حامی ہیں اور اگر آپ جان کیسیچ کے حامی ہیں، اس کے باوجود بھی آپ ماروکو روبیو کو ہی ووٹ دیں کیونکہ مارکو کے علاوہ کسی اور کو ووٹ دینے کا سیدھا سیدھا مطلب یہ ہوگا کہ آپ نے ٹرمپ کو ووٹ دیا۔ ایک طرف مارکو روبیو اپنی جیت کیلئے پرامید ہیں تو دوسری طرف سیاسی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہیکہ مارکو روبیو کے نامزد ہونے کے امکانات موہوم ہیں۔ یاد رہے کہ ری پبلکن صدارتی پرائمری جو 15 مارچ کو مختلف ریاستوں بشمول اوہائیو، الینائے اور شمالی کیرولینا میں منعقد ہوگی، اس پرائمری کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا جارہا ہے کیونکہ اس کے بعد ری پبلکن کے امیدوار کی نامزدگی کا قطعی فیصلہ کیا جائے گا اور وہ 8 نومبر کو صدارتی انتخابات میں حصہ لے گا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہے کہ پارٹی کے صدارتی امیدوار کی نامزدگی حاصل کرنے کیلئے امیدوار کو 2472 ڈیلی گیٹس کے منجملہ 1237 ڈیلی گیٹس کی تائید حاصل کرنا ضروری ہے۔ فلوریڈا میں 99 ڈیلی گیٹس ہیں اور ایسا کہا جارہا ہیکہ یہاں جیتنے والا امیدوار یہ تمام ڈیلی گیٹس حاصل کرلے گا۔ یہی بات اوہائیو کے بارے میں بھی کہی جارہی ہے جہاں 66 ڈیلی گیٹس ہیں۔ فاکس نیوز نے پہلی بار یہ انکشاف کیا ہیکہ اوہائیو میں ٹرمپ کوریاستی گورنر جان کیسیچ کے مقابلہ ہزیمت اٹھانی پڑے گی کیونکہ انہیں (کیسیچ) 34 فیصدی ری پبلکن پرائمری ووٹرس کی تائید حاصل ہے۔ اگر ٹرمپ نے فلوریڈا اور اوہائیو کے تمام ڈیلی گیٹس جیت لئے تو اس کے بعد مارکو روبیو اور جان کیسیچ صدارتی انتخابات کی دوڑسے عملاً باہر ہوجائیں گے۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT