Monday , April 24 2017
Home / شہر کی خبریں / فلک نما میں بس ڈپو کا آج افتتاح

فلک نما میں بس ڈپو کا آج افتتاح

ریاستی وزیر کے ٹی آر پرانا شہر کا دورہ کریں گے‘ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کا جائزہ

حیدرآباد۔17اپریل (سیاست نیوز) ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق مسٹر کے ٹی راما راؤ 18اپریل کو صبح 10بجے سے پرانے شہر میں ترقیاتی کاموں کا افتتاح اور عوام سے ملاقات کریں گے ۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ کے دورۂ پرانا شہر کا آغاز فلک نما میں تعمیر کئے گئے آر ٹی سی بس ڈپو سے ہوگا۔ کے ٹی راما راؤ 10:30 بجے دن فلک نما میں تعمیر کئے گئے بس ٹپو کے افتتاح کے بعد وہاں سے سیدھے لاڈبازار پہنچیں گے ۔ لاڈ بازار اور محبوب چوک مارکٹ کا دورہ اور عوام سے ملاقات کے دوران محبوب چوک مارکٹ کو عصری مارکٹ میں تبدیل کرنے کے منصوبہ کا جائزہ لیں گے۔ محبوب چوک مارکٹ کے معائنہ کے بعد کے ٹی آر محبوب چوک کلاک ٹاؤر کا مشاہدہ کریں گے اور مجوزہ ترقیاتی کا موں کا جائزہ لیں گے اور اس کام کی انجام دہی کے سلسلہ میں عہدیداروں کو ہدایات جاری کریں گے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے فراہم کردہ دورہ کی تفصیلات کے مطابق وہ ایک گھنٹہ لاڈ بازار ‘ محبوب چوک اور اطراف کے علاقوں کا معائنہ کریں گے۔ ریاستی وزیر کے قریبی ذرائع کے مطابق اس دوران انہوں نے چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے کاموں کا بھی جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے اور عہدیداروں کے ہمراہ وہ ان کاموں کا بھی معائنہ کریں گے۔ بعد ازاں وہ مغلپورہ اسپورٹس کامپلکس کے افتتاح کیلئے لاڈبازار سے روانہ ہوں گے اور 12بجے دن مغلپورہ اسپورٹس کامپلکس کا افتتاح انجام دیں گے۔ افتتاح کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کے بعد وہ اسری دواخانہ پہنچیں گے جہاں رکن پارلیمنٹ حیدرآباد کے ہمراہ ظہرانہ ہوگا ۔ اسری دواخانہ میں دوپہر کے کھانے کے بعد وہ 1بجکر 45منٹ پر وہاں سے میلار دیو پلی کیلئے روانہ ہوں گے اور مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح انجام دیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ مغلپورہ اسپورٹس کامپلکس کو سالار ملت کے نام سے موسوم کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا اور اس سلسلہ میں حکومت کی جانب سے وہ تیقن دیں گے۔ اس پروگرام کے دوران ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤ راجندر نگر ‘ آرام گھر اور عطاپور کے بھی بعض علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے علاوہ مکمل ہونے والے کاموں کا افتتاح انجام دیں گے اور عوام سے ملاقات کریں گے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT