Tuesday , August 22 2017
Home / شہر کی خبریں / فلک نما میں روڈی شیٹر کا بہیمانہ قتل

فلک نما میں روڈی شیٹر کا بہیمانہ قتل

حیدرآباد 26 جولائی (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ فلک نما میں رات دیر گئے پیش آئی قتل کی سنگین واردات میں ایک روڈی شیٹر کا قتل کردیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 30 سالہ شیخ فیروز حسین جو مدن موہن کالونی علاقہ کا ساکن تھا فلک نما کا روڈی شیٹر بتایا گیا ہے، آپسی مخاصمت فیروز کے قتل کی وجہ تصور کیا جارہا ہے۔ انسپکٹر پولیس فلک نما مسٹر یادگیری کے مطابق رات گئے نامعلوم افراد نے فیروز حسین پر شراب کی بوتلوں سے حملہ کرتے ہوئے اُسے شدید زخمی کردیا تھا اور فوری فیروز کے رشتہ داروں نے اُسے ہاسپٹل منتقل کیا جہاں علاج کے دوران وہ آج صبح فوت ہوگیا۔ باوثوق ذرائع کے مطابق کل رات دیر گئے علاقہ میں چند نامعلوم افراد سے فیروز کی بحث و تکرار ہوئی۔ جب فیروز دوبارہ اس راستہ سے جارہا تھا تب اُن افراد نے اسے روک لیا اور بحث و تکرار کے بعد فیروز پر ٹوٹ پڑے۔ شراب کی بوتلوں سے حملہ کرتے ہوئے اُسے شدید زخمی کردیا۔ قریب میں واقع فیروز کے رشتہ دار وہاں پہونچ گئے اور فوری ہاسپٹل منتقل کیا۔ پولیس فلک نما نے ابتدائی تحقیقات کے بعد علاقہ کے ایک شخص امتیاز اور اس کے ساتھیوں پر شبہ ظاہر کیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔

TOPPOPULARRECENT