Saturday , October 21 2017
Home / شہر کی خبریں / فلیٹ کے تخلیہ کیلئے اصرارپر مبینہ گالی گلوج

فلیٹ کے تخلیہ کیلئے اصرارپر مبینہ گالی گلوج

این آر آئی خاتون کی شکایت پر ٹی آر ایس ایم ایل سی فاروق حسین کے خلاف مقدمہ
حیدرآباد /9 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) نامپلی پولیس نے برسر اقتدار ٹی آر ایس کے رکن قانون ساز کونسل مسٹر فاروق حسین کے خلاف ایک خاتون کو مبینہ طور پر دھمکانے اور گالی گلوج کرنے کے الزام میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ امریکہ کی شہری امتہ الواسع جو اسکل اسپلینڈر اپارٹمنٹ لکڑی کا پل فلیٹ نمبر 403 کی مالک ہے ۔ اس خاتون نے اپنے رشتہ داروں کے ذریعہ فاروق حسین کو چھ سال قبل اپنا فلیٹ کرایہ پر دیا تھا ۔ ذرائع نے بتایا کہ خاتون گذشتہ دو سال سے فاروق حسین کو فلیٹ خالی کرنے اصرار کر رہی تھی ۔ امتہ الواسع کل نیو یارک سے حیدرآباد پہونچیں اور آج صبح اپنے بھائی محمد مجتبٰی علوی کے ہمراہ فاروق حسین سے رجوع ہوکر اپنا فلیٹ خالی کرنے پر زور دیا ۔ اس دوران دونوں کے درمیان بحث و تکرار ہوگئی جس میں فاروق حسین نے مبینہ طور پر خاتون سے بدکلامی کرتے ہوئے انہیں چپل سے مارا اور جیل بھیج دینے کی دھمکی بھی دی ۔ امتہ الواسع نے اپنے بھائی کے ہمراہ فوری پولیس اسٹیشن نامپلی پہونچ کر فاروق حسین کے خلاف تحریری شکایت درج کروائی اور دونوں کے درمیان ہوئی گفتگوکی ویڈیو بھی پولیس کو فراہم کی ۔ پولیس نے درخواست موصول ہونے پر ایم ایل سی فاروق حسین کے خلاف تعزیرات ہند کے دفتار 504 ، 506 اور 509 کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔ مسٹر فاروق حسین کی مالک مکان خاتون سے جھگڑے کی ویڈیو چند منٹوں میں سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگئی ۔ تمام سوشیل میڈیا نیٹ ورکس پر اس ویڈیو کا ہی چرچا رہا ۔ عوام اس پر تبصرے بھی کرتے رہے ۔ ربط پیدا کئے جانے پر فاروق حسین نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جو خاتون فلیٹ کی مالک ہونے کا دعوی کر رہی ہے وہ اس سے واقف نہیں ہیں ۔ میں جن سے 5 سال قبل فلیٹ کرایہ پر حاصل کیا تھا انہیں ہر ماہ برابر کرایہ ادا کر رہا ہوں ۔ یہ خاتون جس سے وہ واقف نہیں ہے میرے گھر پہنچ کرمجھ سے غیر شائستہ الفاظ میں بات کر رہی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ سارا واقعہ انہیں بدنام کرنے کی ایک منصوبہ بند اور منظم سازش ہے ۔

TOPPOPULARRECENT