Monday , August 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / فٹبال ورلڈکپ 2026ء کیلئے 48 ٹیموں کو فیفا کی منظوری

فٹبال ورلڈکپ 2026ء کیلئے 48 ٹیموں کو فیفا کی منظوری

زیورخ ، 10 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) فٹبال کے عالمی نگراں ادارے فیفا کی رولنگ کونسل نے آج ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کی تعداد 32 سے بڑھا کر 48 کرنے کی تجویز کو متفقہ طور پر منظوری دے دی، جس پر 2026ء کے ایونٹ سے عمل ہوگا ۔ اس فیصلہ کے پیش نظر ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والے نئی 16 ٹیموں میں افریقی اور ایشیائی ٹیموں کی شمولیت کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔  پہلے مرحلے میں تین ٹیموں پر مشتمل 16 گروپس ہوں گے جس کے بعد ناک آؤٹ کا مرحلہ کھیلا جائے گا۔ یورپی ممالک کے اہم فٹبال کلبز نے ان تبدیلیوں کی مخالفت کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ کھلاڑیوں کو ایک سیزن کے دوران بہت زیادہ میچز کھیلنے پڑیں گے۔ لیکن فیفا کی ایک خفیہ رپورٹ کے مطابق نئے فارمٹ کے تحت ورلڈ کپ 32 دنوں پر محیط ہوگا اور فائنل میں پہنچنے والی دونوں ٹیمیں سات میچز کھیلیں گی۔ موجودہ فارمٹ میں بھی فائنل میں پہنچنے والی ٹیمیں سات میچز ہی کھیلتی ہیں۔ اس نئے فارمٹ کے مطابق یہ خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ 16 اضافی ٹیموں کے باوجود کھیل کا معیار خراب نہیں ہوگا اور ساتھ ساتھ فیفا کو تقریبا ایک ارب ڈالر کی اضافی آمدنی بھی ہوگی۔ نئے فارمٹ کی ایک اور تجویز کے مطابق پہلے مرحلے کے مقابلوں میں میچ برابر ہونے کی صورت میں پنالٹی شوٹ آؤٹ ہوگا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ تمام میچوں کا واضح نتیجہ سامنے آئے۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کئے جانے کی اطلاع ہے کہ 16 ٹیموں کو کس حساب سے بڑھایا جائے گا۔ خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یورپی ممالک کی فٹبال تنظیم یویئفا نئے فارمٹ کی حمایت اس شرط پر کی ہے کہ ورلڈ کپ میں ان کو 13 کے بجاِئے 16 ٹیمیں کھلانے کی اجازت دی جائے۔ 48 ٹیموں کے ٹورنمنٹ کو مکمل کرنے کے لیے 32 دن درکار ہوں گے جس میں 12 دن پہلے مرحلے کے لیے مختص ہوں گے جبکہ 20 دن ناک آؤٹ مرحلے کے لیے ہوں گے۔ ٹورنامنٹ میں کْل 80 میچز کھیلے جائیں گے۔

TOPPOPULARRECENT