Thursday , August 17 2017
Home / شہر کی خبریں / فٹ پاتھ قابضین کے خلاف پولیس کے سخت گیر اقدامات

فٹ پاتھ قابضین کے خلاف پولیس کے سخت گیر اقدامات

تجارتی لائسنس کی منسوخی اور جیل بھی روانہ کیا جاسکتا ہے
حیدرآباد ۔  9  ستمبر  (سیاست  نیوز) شہر میں فٹ پاتھ قابضین کے خلاف محکمہ پولیس کی جانب سے سخت گیر کارروائی کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے اور جو تاجرین فٹ پاتھ پر اپنی اشیاء رکھتے ہیں ، ان کے تجارتی لائسنس منسوخ کرنے کے علاوہ ان کے خلاف حیدرآباد پولیس ایکٹ کی دفعہ 39B کے تحت کارروائی کرتے ہوئے انہیں جیل بھی بھیجا جاسکتا ہے۔ حیدرآباد ٹریفک پولیس نے شہر میں پیدل راہروؤں کو فٹ پاتھ پر چلنے کیلئے راہیں ہموار کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور فٹ پاتھ کو قبضہ جات سے پاک بنانے کیلئے سخت گیر کارروائیوں کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس نے تاجرین کو انتباہ دیا ہے کہ اگر دکانوں کے باہر فٹ پاتھ کی جگہ جو کہ پیدل راہروؤں کے لئے مختص ہے، اس کا تجارتی اغراض کے لئے استعمال ہوتا ہے تو ایسی صورت میں محکمہ پولیس کی جانب سے سخت کارروائی کی جائے گی۔ عوام کی جانب سے متعدد شکایات کی وصولی اور فٹ پاتھ پر غیر مجاز قبضہ جات کے باعث ہونے والی تکالیف کو دیکھتے ہوئے کئے گئے اس فیصلہ سے شہر کی مصروف ترین سڑکوں پر گھومنے والے پیدل راہروؤں کو راحت حاصل ہوسکتی ہے ۔

 

پولیس کی جانب سے خصوصی دستوں کی تشکیل کے ذریعہ شہر کے تجارتی علاقوں میں گھوم کر تاجرین کو اس بات سے واقف کروایا جارہا ہے کہ وہ فٹ پاتھ کا استعمال نہ کریں اور پیدل راہروؤں کیلئے فٹ پاتھ کی جگہ کو کھلا چھوڑ دیں چونکہ پیدل راہرو فٹ پاتھ کے بجائے سڑکوں پر چلنے کے باعث ٹریفک کے مسائل پیدا ہورہے ہیں۔ پولیس ذرائع کے بموجب عموماً یہ دیکھا جارہا ہے کہ جب کبھی پولیس کی جانب سے علاقوں کا رخ کیا جاتا ہے تو تاجرین عجلت میں فٹ پاتھ کو صاف کردیتے ہیں جبکہ پولیس کی عدم موجودگی کی صورت میں دوبارہ فٹ پاتھ پر قبضے ہونے لگتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ محکمہ پولیس نے عصری تکنیک کا استعمال کرتے ہوئے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ فٹ پاتھ پر قبضہ جات کی تفصیلات اکھٹا کرنے کا فیصلہ کیا ہے  اور ایک سے زائد بار فٹ پاتھ پر قبضوں کی خلاف ورزی کے مرتکب تاجرین کے بلدی لائسنس کی تنسیخ کے علاوہ ان کے خلاف حیدرآباد پولیس کے تحت کارروائی پر بھی غور کیا جارہا ہے ۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے مرکزی تجارتی علاقوں بالخصوص کمرشیل کامپلکس کے اطراف و اکناف فٹ پاتھ پر کئے گئے قبضہ جات کی برخواستگی پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل کی جارہی ہے تاکہ تاجرین کے خلاف کارروائی کے ساتھ ساتھ عوام میں شعور بیداری کو بھی یقینی بنایا جاسکے۔
کراچی بیکری کے نئے آوٹ لیٹ کا چکڑ پلی میں افتتاح
حیدرآباد ۔ 9 ۔ ستمبر : ( پریس نوٹ ) : شہر میں معیاری بیکری اشیاء فراہم کرنے والی مشہور کراچی بیکری نے چکڑپلی پر ان کے نئے آوٹ لیٹ کا آغاز عمل میں لایا ہے ۔ افتتاحی پیشکش کے طور پر 500 گرام کے فروٹ بسکٹ پیاکٹ 120 روپئے میں دستیاب ہیں جب کہ ہر 1000 روپئے کی خریداری پر 250 گرام کا فروٹ بسکٹ پیاک اسٹاک کے ختم ہونے تک مفت سربراہ کیا جائے گا ۔ چکڑ پلی آوٹ لیٹ پر یہ پیشکش محدود مدت تک رہے گی ۔۔

TOPPOPULARRECENT