Tuesday , September 26 2017
Home / شہر کی خبریں / فٹ پاتھ کی تعمیرات کو برخاست کرنے جی ایچ ایم سی کی نوٹسیں

فٹ پاتھ کی تعمیرات کو برخاست کرنے جی ایچ ایم سی کی نوٹسیں

اندرون پانچ یوم استعمال کو بند کرنے کی ہدایت ، خلاف ورزی پر انہدامی کارروائی کا انتباہ
حیدرآباد۔8۔ڈسمبر (سیاست نیوز) پرانے شہر میں فٹ پاتھ پر کی گئی تعمیرات کو برخواست کرنے کیلئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے تاجرین کو نوٹسیں جاری کی جا چکی ہیں اور انہیں ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اندرون 5یوم فٹ پاتھ کے استعمال کو بند کردیں بصورت دیگر بڑے پیمانے پر انہدامی کاروائی کرتے ہوئے فٹ پاتھ پر موجود قبضہ جات کو برخواست کروادیا جائے گا۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق جی ایچ ایم سی نے عدالتی احکامات پر عمل آوری کیلئے محکمہ پولیس اور محکمہ ٹریفک پولیس کے تعاون سے بڑے پیمانے پر مہم چلانے کا فیصلہ کرتے ہوئے ساؤتھ زون میں نوٹس کی اجرائی کا عمل شروع کردیا ہے ۔ دونوں شہروں میں فٹ پاتھ کو پیدل راہرؤوں کیلئے مختص کئے جانے کو یقینی بنانے کے عدالتی احکامات پر عمل کرتے ہوئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے نوٹسوں کی اجرائی کے بعد تاجرین میں بے چینی کی کیفیت پائی جاتی ہے کیونکہ اس عمل کے بعد جی ایچ ایم سی پارکنگ کی جگہ کے متعلق ایک مرتبہ پھر مہم کا آغاز کرسکتی ہے۔ دونوں شہروں کے مرکزی مقامات پر موجود ان تجارتی اداروں کو جو فٹ پاتھ کو اپنے استعمال میں لا رہے ہیں انہیں نوٹس جاری کرتے ہوئے یہ کہا جا رہا ہے کہ وہ رضاکارانہ طور پر اپنے کاروبار کو اپنی ملکیت اور حدود میں کرلیں بصورت دیگر جی ایچ ایم سی کا عملہ انہدامی کاروائی کرے گا۔ ذرائع کے بموجب پرانے شہر کے علاقہ میں زائد از 300تجارتی مراکز کو نوٹس جاری کی گئی ہیں اور یہ واضح کردیا گیا ہے کہ عدالت کے احکام کے مطابق یہ کاروائی کی جائے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے اعلی عہدیدارو ںنے اس سلسلہ میں اپنے ماتحت عہدیداروں کو ہدایت جاری کی ہیں کہ وہ فٹ پاتھ استعمال کرنے والے تجارتی اداروں کی تصویر کشی کے ذریعہ شواہد اکٹھا کرلیں اور جو نوٹس جاری کی جا رہی ہے اس کے ثبوت بھی موجود رکھیں تاکہ کسی قسم کی رکاوٹ کی صورت میں ثبوت و شواہد پیش کئے جا سکیں۔چندرائن گٹہ‘ فلک نما‘ انجن باؤلی‘ شاہ علی بنڈہ‘ چارمینار‘ سنتوش نگر‘ پھسل بنڈہ ‘ ہائی کورٹ کے علاوہ دیگر علاقوں میں نوٹس جاری کی گئی ہے اور 15ڈسمبر کے بعد انہدامی کاروائی شروع کرنے کا انتباہ دیا گیا ہے۔بتایا جاتا ہے کہ نئے شہر کے کئی علاقوں میں بھی جی ایچ ایم سی کی جانب سے فٹ پاتھ قابضین کی برخواستگی کے لئے اقدامات کا آغاز کرتے ہوئے سروے شروع کردیا گیا ہے اور بہت جلد فٹ پاتھ کے استعمال کو ختم کرنے کے لئے مہم چلائی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT