Tuesday , June 27 2017
Home / کھیل کی خبریں / فکسنگ اسکینڈل کی تحقیقات میں پیش رفت، ناصر جمشید معطل

فکسنگ اسکینڈل کی تحقیقات میں پیش رفت، ناصر جمشید معطل

لاہور۔14 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان سوپر لیگ (پی سی بی)کو داغدار کرنے کے الزام میں ایک اور کارروائی کے بعد ٹسٹ اوپنر ناصر جمشید کو بھی آؤٹ کر دیا گیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 27 سالہ بائیں ہاتھ کے اوپنر ناصر جمشید کو عارضی معطل کر دیا ہے۔ ناصر جمشید پر الزام ہے کہ انہوں نے معطل اور وطن واپس آنے والے شرجیل خان اور خالد لطیف کو سٹے باز سے ملنے کی راہ ہموار کی۔ خیال رہے کہ ناصر جمشید نے دو ٹسٹ، 48  ونڈے اور اٹھارہ ٹی 20 میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ آخری مرتبہ 2015ء کے ورلڈ کپ میں حصہ لیا تھا لیکن اس میں ان کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی تھی۔ پی سی بی نے ناصر جمشید کو عارضی طور پر معطل کر کے تمام طرز کی کرکٹ میں حصہ لینے سے روک دیا ہے۔ یہ خبر پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی نے ایک سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے دی، جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس بارے میں پریس ریلیز جاری کی۔ اس پریس ریلیز میں ناصر جمشید کو معطل کرنے کی مزید کوئی وجہ نہیں بتائی گئی ہے۔ اس سے قبل کرکٹر خالد لطیف اور شرجیل خان کو معطل کر کے پہلے ہی وطن واپس بھیجا جا چکا ہے اور انھیں شوکاز نوٹس بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT