Sunday , September 24 2017
Home / شہر کی خبریں / فہرست رائے دہندگان سے حذف کردہ ناموں کو دوبارہ شامل نہ کرنے کی ہدایت

فہرست رائے دہندگان سے حذف کردہ ناموں کو دوبارہ شامل نہ کرنے کی ہدایت

کمشنر جی ایچ ایم سی بی جناردھن ریڈی کا ماتحتین کو حکم ، عوام سے رائے کے حصول پر زور
حیدرآباد ۔ 16 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : فہرست رائے دہندگان سے حذف کردہ ناموں کی از سر نو شمولیت نہ کی جائے ۔ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر بی جناردھن ریڈی نے اپنے ماتحتین کو اس بات کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ فہرست رائے دہندگان کی تنقیح کے دوران جن ناموں کو حذف کیا گیا ہے ان ناموں کی ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر سے اجازت کے حصول کے بغیر دوبارہ شمولیت نہ کی جائے چونکہ اس طرح کے اقدام سے ایک مرتبہ پھر فہرست رائے دہندگان پر شبہات پیدا ہونے کا خدشہ ہے ۔ مسٹر بی جناردھن ریڈی نے گذشتہ یوم ٹیلی کانفرنس کے دوران گھر گھر رائے دہندوں بالخصوص بی سی رائے دہندوں کی نشاندہی کررہے عہدیداروں کے نگران عہدیداروں کو اس بات کی ہدایت جاری کی اور کہا کہ اس طرح کے کسی بھی اقدام سے گریز کیا جائے جس پر کسی کو اعتراض کا مقصد ملے ۔ شہر میں جاری بی سی رائے دہندوں کی نشاندہی کے عمل کے دوران اس بات کی متعدد شکایات موصول ہورہی ہیں کہ رائے دہندوں کے نام فہرست رائے دہندگان میں موجود نہیں ہیں ۔ علاوہ ازیں رائے دہندوں نے جو اعتراضات اور تبدیلی پتہ کے علاوہ دیگر اندراجات کے لیے درخواستیں داخل کی ہیں ۔ ان پر بھی کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ہے ۔ کمشنر کی جانب سے ٹیلی کانفرنس کے دوران جاری کردہ ہدایات میں اس مسئلہ پر بھی ضلع انتخابی عہدیدار سے مشاورت کے بغیر کوئی کارروائی نہ کرنے کی تاکید کی گئی ہے لیکن ماتحتین کو اس بات کا بھی پابند بنایا گیا ہے کہ وہ اس خصوص میں عوام کی جانب سے کی جانے والی شکایات کو درج کریں تاکہ مسئلہ کی عاجلانہ یکسوئی کو یقینی بنایا جاسکے ۔۔

TOPPOPULARRECENT