Tuesday , October 17 2017
Home / شہر کی خبریں / فہرست رائے دہندگان سے 6.3 لاکھ نام حذف کرنے کا مسئلہ

فہرست رائے دہندگان سے 6.3 لاکھ نام حذف کرنے کا مسئلہ

10 ڈسمبر سے قبل قطعی فیصلہ کرنے الیکشن کمیشن کو ہائی کورٹ کی ہدایت
حیدرآباد ۔ /4 ڈسمبر (سیاست نیوز) بلدی حدود میں فہرست رائے دہندگان سے حذف کردہ 6 لاکھ 30 ہزار رائے دہندوں کے ناموں کے سلسلے میں /10 ڈسمبر سے قبل الیکشن کمیشن آف انڈیا قطعی فیصلہ کرے ۔ ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے 6 لاکھ سے زائد رائے دہندوں کے نام حذف کئے جانے کے مسئلہ پر حیدرآباد ہائیکورٹ نے احکام جاری کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ جسٹس سی وی ناگرجنا نے جناب فیروز خان اور ناگیش مدیراج کی جانب سے داخل کردہ درخواست پر سنوائی کے دوران یہ احکامات جاری کئے اور  ہدایت دی کہ فوری طور پر فہرست رائے دہندگان کے نظرثانی عمل کو مکمل کرلیا جائے ۔ فیروز خان اور ناگیشور مدیراج کی جانب سے عدالت میں داخل کردہ درخواست میں یہ ادعا پیش کیا گیا تھا کہ 6 لاکھ 30 ہزار رائے دہندوں کے حذف کئے جانے کا مسئلہ حل کئے بغیر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد اور ریاستی الیکشن کمیشن نے قطعی فہرست رائے دہندگان کی اشاعت کا اعلان کردیا تھا ۔ درخواست گذاروں نے قطعی فہرست رائے دہندگان کی اشاعت کو 6.3 لاکھ رائے دہندگان کے مسئلہ کو حل ہونے تک روک دینے کی درخواست کی تھی ۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے ایڈوکیٹ جنرل مسٹر کے رام کرشنا ریڈی نے بتایا کہ جن رائے دہندوں کے نام حذف کئے گئے ہیں وہ قوانین و قواعد کے مطابق کئے گئے ہیں ۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا کے وکیل مسٹر اویناش دیسائی نے بتایا کہ رائے دہندوں کے ناموں کو حذف کرنے کی اطلاعات درست ہیں لیکن جن رائے دہندوں کے نام حذف کئے گئے ہیں ان میں مرحوم ، عدم دستیاب اور جن کے مکان مقفل ہیں وہ شامل ہیں ۔ تاحال 22 ہزار ایسی درخواستیں موصول ہوئیں ہیں جو ناموں کو حذف کروانے کیلئے داخل کی گئی ہیں ۔ 13 ہزار درخواستوں کو قبول کیا گیا ہے جبکہ 1100 درخواستوں کو مسترد کیا جاچکا ہے ۔ 8 ہزار درخواستیں زیردوران ہیں ۔ عدالت نے درخواست گذاروں سے کہا کہ الیکشن کمیشن کے علاوہ سیاسی جماعتوں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ فہرست رائے دہندگان کی تنقیح کریں اور عوام کوعدم حق رائے دہی سے بچائیں ۔ عدالت کی جانب سے /10 ڈسمبر سے قبل اس عمل کو مکمل کئے جانے کے احکام جاری کئے گئے جبکہ ریاستی الیکشن کمیشن مستقبل قریب میں بلدی انتخابات کا اعلامیہ جاری کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT