Monday , August 21 2017
Home / شہر کی خبریں / فہرست رائے دہندگان کی جانچ میں تین ہفتوں تک توسیع کا مطالبہ

فہرست رائے دہندگان کی جانچ میں تین ہفتوں تک توسیع کا مطالبہ

گاندھی بھون میں کانگریس قائدین کا اجلاس، صدر تلنگانہ پی سی سی اتم کمار ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 9 اپریل (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی حیدرآباد۔ رنگاریڈی اور ضلع میدک کی فہرست رائے دہندگان میں دوبارہ تنقیح کی مہلت میں دو کے بجائے تین ہفتوں کی توسیع دینے کا الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے۔ آج گاندھی بھون میں کیپٹن اتم کمار ریڈی نے پارٹی کے سینئر قائدین سابق ارکان اسمبلی سابق ارکان پارلیمنٹ کے علاوہ جی ایچ ایم سی انتخابات میں مقابلہ کرنے والے تمام امیدواروں کا اجلاس طلب کیا ہے۔ اجلاس میں قائد اپوزیشن کونسل مسٹر محمد علی شبیر سابق رکن اسمبلی مسٹر ایم ششی دھر ریڈی صدر گریٹر حیدرآباد سٹی کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ مسٹر شیخ عبداللہ سہیل کے علاوہ دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں حیدرآباد، رنگاریڈی اور ضلع میدک کے 19 لاکھ 71 ہزار ووٹرس کو فہرست رائے دہندگان سے نکال دینے کا جائزہ لیا گیا۔ بعدازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر ایم ششی دھر ریڈی نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات سے قبل بوگس ووٹرس کا بہانہ کرتے ہوئے الیکشن کمیشن نے فہرست رائے دہندگان سے بڑے پیمانے پر ووٹرس کو نکال دیا تھا۔ اس کی جانچ کرنے کیلئے الیکشن کمیشن نے دو ہفتوں کا شیڈول جاری کیا ہے جو بہت کم ہے۔ لہٰذا صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی الیکشن کمیشن کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے شیڈول میں ایک ہفتہ کی توسیع کرنے کا مطالبہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری عملہ بوتھ سطح پر گھر گھر پہنچ کر سروے کریں اور گھر کے تمام افراد کے ناموںکی باریکی سے جانچ کریں۔ اس کام کا 25 مارچ سے آغاز ہوا۔ انہوں نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ جن ووٹوں کو فہرست رائے دہندگان سے نکال دیا گیا ہے اس کی فہرست تمام سیاسی جماعتوں کو پیش کریں۔ مسٹر ششی دھرریڈی نے کہا کہ صرف جی ایچ ایم سی کے کمشنر نے ہی تمام سیاسی جماعتوں کا اجلاس طلب کیا ہے۔ اضلاع رنگاریڈی اور میدک کے کلکٹرس نے ابھی تک کوئی اجلاس طلب نہیں کیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT