Friday , August 18 2017
Home / Top Stories / فیر اینڈ لولی فقرہ نسلی امتیاز پر مبنی

فیر اینڈ لولی فقرہ نسلی امتیاز پر مبنی

زیورات پر ایک فیصد اکسائیز ڈیوٹی سے دستبرداری کا مطالبہ مسترد : جیٹلی
نئی دہلی ۔ 14 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت نے آج راہول گاندھی کے فیر اینڈ لولی ریمارک پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ ’’نسلی منافرت پر مبنی ذہنیت ‘‘ کا مظہر ہے ۔ ساتھ ہی ساتھ حکومت نے جی ایس ٹی اور دیگر بلس کی منظوری کیلئے کانگریس کی تائید طلب کی اور کہا کہ رکاوٹوں سے ہندوستان کی ترقی متاثر ہوگی ۔ وزیر فینانس ارون جیٹلی نے وجئے مالیا کے قرض ادا کئے بغیر ملک چھوڑنے کے بارے میں حکومت پر کی جارہی تنقیدوں کا بھی جواب دیا ۔ انھوں نے کہاکہ یہاں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا قرض کی بازادائیگی اور کوتاہی کرنے والے کو فرار ہونے میں قانونی نظام رکاوٹ تو ثابت نہیں ہوا ۔ لوک سبھا میں عام بجٹ 2016-17 پر مباحث کا جواب دیتے ہوئے وزیر فینانس نے زیورات پر ایک فیصد اکسائیز ڈیوٹی سے دستبرداری کا مطالبہ مسترد کردیا۔ انھوں نے کہا کہ یہ گڈس اینڈ سرویس ٹیکس ( جی ایس ٹی ) کی تیاری کا ایک حصہ ہے جو توقع ہے کہ بہت جلد منظور کرلیا جائے گا ۔ بعد ازاں ایوان میں تصرف بل منظور کرلیا گیا ۔ کالے دھن کے بارے میں جواب دیتے ہوئے انھوں نے راہول گاندھی کے گزشتہ ہفتہ ایوان میں کئے گئے فیراینڈ لولی ریمارک کا حوالہ دیا ۔ انھوں نے کانگریس نائب صدر کا نام لئے بغیر کہا کہ ایسا کہنے میں اُنھیں کوئی مسئلہ نہیں ہے لیکن سیاسی طورپر یہ غلط جملہ ہے ۔ اس سے نسلی امتیاز پر مبنی ذہنیت کا اظہار ہوتا ہے اور یہ نہ فیر ہے نہ لولی ہے ۔ انھوں نے کہاکہ دنیا بھر میں لوگ اس طرح کا جملہ کہنے سے احتراز کرتے ہیں لہذا وہ اس معاملہ کو بھی ناواقفیت پر محمول کریں گے۔ راہول گاندھی نے حکومت کی کالا دھن انکشاف کے سلسلے میں بجٹ تجویز پر یہ جملہ استعمال کیا تھا اور کہا تھا کہ اس کے ذریعہ کالا دھن کو وائیٹ کرنے میں مدد ملے گی ۔ جیٹلی نے کہا کہ حکومت کی تجویز کوئی معافی یا رضاکارانہ انکشاف یا پھر کسی طرح کی رعایت نہیں ہے جیسا کہ اس سے پہلے حکومت نے اسکیمات متعارف کی تھیں ۔ انھوں نے کہا کہ عالمی ماحول چیلنج سے بھرپور ہے اور ملک کو سیاسی خطوط سے بالاتر ہونا چاہئے تاکہ ہندوستان تیزی سے ترقی پاتی معیشت میں تبدیل ہوسکے ۔ کروڈ آئیل کی قیمت میں کمی کا فائدہ صارفین کو نہ پہونچانے پر تنقیدوں کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر فینانس نے کہا کہ یہ رقم انفراسٹرکچر کی ترقی کیلئے استعمال کی جارہی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT