Monday , August 21 2017
Home / اضلاع کی خبریں / فیصد 12 تحفظات کیلئے جدوجہد کی ضرورت

فیصد 12 تحفظات کیلئے جدوجہد کی ضرورت

نارائن پیٹ 11 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نارائن پیٹ میں 12 فیصد تحفظات کے حصول کے لئے ایک ایکشن کمیٹی کی تشکیل عمل میں لائی گئی جس کا ایک اہم مشاورتی اجلاس جس میں بطور خاص دانشوران ملت، معززین شہر اور کل جماعتی قائدین نے شرکت کی، اس اجلاس میں مسلمانان تلنگانہ کے لئے سربراہ ٹی آر ایس مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی جانب سے کئے گئے 12 فیصد تحفظات کے وعدہ کو پورا کرنے کے لئے دباؤ بنانے اور مسلمانوں میں اس سلسلہ میں شعور بیدار کرنے کے لئے ایک اجلاس عام کی ضرورت پر زور دیا گیا اور ایک جلسہ عام 20 مارچ کو نارائن پیٹ میں عظیم الشان پیمانے پر رکھنے کا اجلاس میں فیصلہ کیا گیا۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ تحریک تلنگانہ میں جس طرح مسلمانوں نے بڑھ چڑھ کر کامیابی سے ہمکنار کیا تھا، اسی طرح کی جدوجہد 12 فیصد تحفظات کے لئے کرنے کی ضرورت ہے اور اس جدوجہد کا آغاز اضلاع سے ہو اور کوئی ضلع، تعلہ اور کوئی منڈل و قریہ نہ چھوٹنے پائے جہاں اس سلسلہ میں آواز نہ اُٹھائی گئی ہو۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ اس جلسہ عام میں تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین بشمول برسر اقتدار جماعت کے قائدین اور ریاستی وزرا، ارکان اسمبلی کو بھی مدعو کیا جائے گا۔ اجلاس میں مہمانان خصوصی نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خان، رکن پارلیمنٹ اے پی جیتندر ریڈی رکن اسمبلی نارائن پیٹ، مسٹر ایس راجندر ریڈی، رکن اسمبلی مکتھل مسٹر رام موہن ریڈی، سابق ریاستی وزیر محمد علی شبیر، ریاستی وزیر ڈاکٹر لکشما ریڈی، ڈپٹی میئر حیدرآباد بابا فصیح الدین و دیگر کو مدعو کیا جائے گا۔ اجلاس کی صدارت جناب محمد امیرالدین صدر ایکشن کمیٹی نے کی جبکہ مسرز عبدالسلیم ایڈوکیٹ، غلام محی الدین چاند، خلیل احمد تاج، عبدالرحمن، محمد یونس، مجاہد صدیقی، احمد حسین، ہدایت اللہ، محمود میاں، احمد خاں، نصیر چاند، عبدالسلام عابد، ارشد فیصل، رؤف حسام الدین، عبدالقدیر سنڈکے، قدرت اللہ و دیگر نے شرکت کی۔

TOPPOPULARRECENT