Sunday , October 22 2017
Home / کھیل کی خبریں / فیفا بدعنوانی معاملے ‘رافیل ایزقوئیل کا اعتراف جرم

فیفا بدعنوانی معاملے ‘رافیل ایزقوئیل کا اعتراف جرم

نیویارک۔11نومبر(سیاست ڈاٹ کام )فٹبال کے عالمی ادارے فیفا میں مبینہ بدعنوانی کی تفتیش کے سلسلے میں وینیزویلا سے تعلق رکھنے والے فٹبال کے ایک عہدیدار نے بدعنوانی میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا ہے۔فیفا کی مبینہ بدعنوانی کی تفتیش امریکہ میں چل رہی ہے جہاں مذکورہ شخص نے اپنے جرم کا اعتراف کیا ہے۔رافیل ایزقوئیل نے ٹورنمنٹ کے مارکیٹنگ حقوق کی فروخت کے سلسلے میں رشوت لینے کا اعتراف کیا ہے۔اس سلسلے میں گذشتہ برس رافیل سمیت فیفا کے سات سینیئر عہدیداروں کو سوئٹزرلینڈ کے ایک لگژری ہوٹل سے گرفتار کیا گیا تھا۔فیفا میں کرپشن کے تحت 40 سے زیادہ افراد اور کمپنیوں پر بدعنوانی کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔رافیل ایزقوئیل، جو وینیزویلا فٹبال فیڈریشن کے سابق صدر بھی رہ چکے ہیں، انہیں گذشتہ مارچ میں امریکہ کے حوالے کیا گیا تھا اور ان پر دیگر چھ افسران کے ساتھ اگلے برس مقدمہ چلے گا۔انھوں نے بروکلن کی ایک عدالت میں سازش کرنے، مالی دھوکہ دہی میں ملوث ہونے اور تین مرتبہ رشوت لینے جیسے الزامات کو تسلیم کرلیا ہے۔ رافیل نے ایک کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی رقم کو واپس کرنے سے بھی اتفاق کر لیا ہے۔ان پر یہ الزامات جنوبی امریکی ممالک کے کوپا لبریٹوڈرز اور کوپا امریکہ جیسے کلب ٹورنمنٹ کی مارکیٹنگ کرنے میں رشوت لینے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ ان کلب ٹورنمنٹ میں جنوبی امریکی ممالک کی  ٹیمیں شرکت کرتی ہیں۔مسٹر ایزقوئیل کر ایسے ہر ایک جرم کے لئے 20 برس کی قید کی سزا ہوسکتی ہے۔امریکہ کی جانب سے اس تفتیش کے تحت اب تک اس معاملے میں 19 افراد اور دو کمپنیاں اپنے جرم کا اعتراف کرچکی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT