Thursday , September 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / فیفا کے صدارتی امیدوار پر کرپشن کا بڑا الزام

فیفا کے صدارتی امیدوار پر کرپشن کا بڑا الزام

برلن ، 24 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی فیفا کے صدارتی امیدوار چنگ منگ جون پر کرپشن الزامات عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا گیا ہے کہ انہوں نے مالی طور پر فیفا پر اپنا اثرورسوخ استعمال کرتے ہوئے 2022 ء فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی جنوبی کوریا کو دلانے کی کوشش کی۔ ایک جرمن اخبار نے حوالہ دیئے بغیر دعویٰ کیا کہ معروف ارب پتی صنعت کار نے اپنے ملک جنوبی کوریا کو ورلڈ کپ 2022ء کی میزبانی دلانے کی کوشش کرتے ہوئے فیفا کو کئی منصوبوں میں 777 ملین ڈالر کی مشروط امداد کی پیشکش کی جو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی شمار ہوتی ہے۔ اگر یہ الزام صحیح ثابت ہو گیا تو ان پر پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔ اس نئے الزام سے ان کے فیفا کی صدارت کے خواب کو بھی شدید دھکہ پہنچ سکتا ہے جس کا انتخاب آئندہ سال 26 فروری کو ہوگا اور صدارت کے تمام امیدواروں کو 26 اکتوبر تک فیفا کی رکن اسوسی ایشنز میں سے کم از کم پانچ ارکان کی حمایت کی ضرورت ہے تاکہ وہ اپنا نام فیفا کی صدارت کے حتمی امیدواروں کی فہرست میں شامل کرا سکیں۔ فیفا نے دسمبر 2010ء میں فیفا ورلڈ کپ 2022ء کی میزبانی قطر کو دینے کا اعلان کیا تھا۔ تاہم جرمن اخبار ’ویلٹ ایم سوناٹیگ‘ نے انکشاف کیا کہ چنگ منگ نے 2022ء ورلڈ کپ کی میزبانی جنوبی کوریا کو دلانے کیلئے فیفا کو خریدنے اور انہیں کئی منصوبوں میں مشروط امداد کی پیشکش کی تاکہ ووٹنگ پر اثر انداز ہو سکیں۔ اخبار نے دعویٰ کیا کہ فیفا کے سابق نائب صدر نے اکتوبر 2010ء میں فیفا کو ایک خط کے ذریعے یہ پیشکش کی جس میں کہا گیا کہ اگر 2022ء عالمی کپ کی میزبانی جنوبی کوریا کو دی جاتی ہے تو وہ فیفا کے مجوزہ منصوبوں میں مدد کیلئے تیار ہیں۔

TOPPOPULARRECENT