Saturday , August 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / فیفا کے معطل صدر بلاٹر اسپتال میں زیرعلاج

فیفا کے معطل صدر بلاٹر اسپتال میں زیرعلاج

زیورخ ، 12 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کے معطل شدہ صدر سپ بلاٹر کو اعصابی دباؤ کے باعث اسپتال میں داخل کر دیا گیا ہے۔ 79 سالہ بلاٹر 18 سال تک فیفا کے صدر رہے۔ کرپشن اسکینڈل کے باعث انھیں گزشتہ ماہ 90 روز کیلئے ان کے عہدے سے معطل کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق وہ اعصابی دباؤ کا شکار ہیں لیکن توقع ہے کہ وہ جلد ہی صحت یاب ہو جائیں گے۔ بلاٹر اگلے ہفتے منگل تک اسپتال میں زیر علاج رہیں گے۔ گزشتہ ہفتے انھوں نے ذہنی دباؤ کے باعث اپنا طبی معائنہ کروایا تھا۔ ان کے وکیل رچرڈ کالن نے پانچ دن قبل کہا تھا کہ بلاٹر کو ذہنی دباؤ کے باعث اپنا طبی معائنہ کرنے کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ انھوں نے مزید کہا: ’’وہ ٹھیک ہیں اور امید ہے کہ وہ جلد گھر لوٹ جائیں گے۔‘‘ فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کی ضابطہ ٔ اخلاق کمیٹی نے سپ بلاٹر اور تنظیم کے نائب صدر مائیکل پلاٹینی کو 90 دن کیلئے معطل کر دیا ہے۔ فیفا کی تنظیم تقریباً ایک برس سے بدعنوانی کے الزامات میں گھری ہوئی ہے اور گزشتہ ماہ سوئس استغاثہ نے بلاٹر پر ایک ایسے معاہدے پر دستخط کرنے کا الزام لگایا تھا جو ’’فیفا کے حق میں نہیں تھا‘‘۔ اس کے علاوہ ان پر یوئیفا کے صدر مائیکل پلاٹینی کو ’’بے جا رقم دینے‘‘ کا بھی الزام لگایا گیا ہے۔ تاہم بلاٹر ان الزامات کی تردید کرتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بلاٹر ’’ضابطہ اخلاق کمیٹی کے فیصلے کے خلاف پوری طرح لڑ رہے ہیں‘‘ اور انھوں نے اپنے دوستوں سے کہا ہے کہ ’’کوئی کمیٹی مجھے گیم سے باہر نہیں نکال سکتی ہے‘‘۔

فیفا کی پانچ صدارتی امیدواروں کو منظوری
2016ء کی 26 فروری کو فیفا کے صدارتی انتخابات میں سات امیدوار کھڑے ہو رہے ہیں۔تاہم فیفا نے آج پانچ امیدواروں کو منظوری دی جو فبروری کی ووٹنگ میں صدارتی دعوے داری کے ساتھ کھڑے ہوسکتے ہیں اور کامیاب امیدوار دنیائے فٹبال کی گورننگ باڈی کے صدر کی حیثیت سے سپ بلاٹر کی جگہ لے گا۔ جنیوا سے موصولہ اطلاع کے بموجب فیفا نے مائیکل پلاٹینی کو منظورہ امیدواروں کی فہرست میں شامل نہیں کیا ہے۔ فیفا کے جاری کردہ بیان کے مطابق منظور شدہ امیدوار پرنس علی ال حسین، شیخ سلمان بن ابراہیم ال خلیفہ، جیروم شامپین، گیانی انفانٹینو اور ٹوکیو سکسوالے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT