Tuesday , September 26 2017
Home / شہر کی خبریں / فیور ہاسپٹل میں بہتر طبی سہولتوں کیلئے 5کروڑ منظور

فیور ہاسپٹل میں بہتر طبی سہولتوں کیلئے 5کروڑ منظور

حیدرآباد۔/16ستمبر، ( سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے شہر حیدرآباد کے نلہ کنٹہ کے مقام پر واقع نامور دواخانہ ’’ فیور ہاسپٹل ‘‘ کی ترقی کو یقینی اور عصری سہولتوں سے آراستہ کرتے ہوئے عوام کو بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے پانچ کروڑ روپئے کی منظوری دی ہے اور ان پانچ کروڑ روپیوں کے ذریعہ مختلف ترقیاتی اقدامات انجام دیئے جائیں گے۔ علاوہ ازیں اس ہاسپٹل سے رجوع ہونے والے مریضوں کو بہتر طبی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں گے۔ مجوزہ ترقیاتی کاموں کی انجام دہی کیلئے گزشتہ ماہ جنوری میں مختلف کاموں کیلئے سنگ بنیاد رکھا گیا تھا۔ فیور ہاسپٹل ( کورنٹی دواخانہ ) کی ترقی کیلئے چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اپنے اچانک دورہ کے موقع پر تفصیلی معائنہ کرنے کے بعد 5کروڑ روپئے منظور کرنے کا اعلان کیا تھا اور اپنے اس وعدے کے مطابق چیف منسٹر نے فیور ہاسپٹل کیلئے 5کروڑ روپئے کی منظوری دے دی ہے۔ فیور ہاسپٹل کے ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ فیور ہاسپٹل کیلئے 5کروڑ روپئے کی جو منظوری دی گئی ہے ان رقومات سے 60لاکھ روپئے عصری طبی آلات کیلئے خرچ کئے جائیں گے۔ جن میں بالخصوص چار وینٹلیٹرس، ایک الٹرا ساؤنڈ مشین، ایک آٹو انائیزر، ایمرجنسی وارڈ کیلئے کارڈیاک ڈیپیپر پلیٹ ( شاک دینے کیلئے ) اور چار کارڈیاک مانیٹرس کی خریدی عمل میں لائی جائے گی جبکہ پانچ کروڑ روپیوں کے منجملہ 60 لاکھ روپئے مذکورہ آلات وغیرہ کی خریدی کیلئے خرچ کرنے کے بعد باقی بچنے والی رقم4.40 کروڑ روپئے کے مصارف سے مختلف عمارتوں کی تعمیر کروائی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ ایک نمبر وارڈ کے قریب چار بیڈز کی گنجائش پر مبنی ایمرجنسی وارڈ کی تعمیر عمل میں لائی جائے گی اور اس وارڈ کو ڈفتھیریہ اور ٹینانس کے مریضوں کیلئے استعمال کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ایم ڈی ٹراپیکل ڈسپنسرس میڈیسن کیلئے درکار کتابیں اور ڈاکٹروں کو کام آنے والی کتابیں رکھنے کیلئے میڈیکل لائبریری عمارت تعمیر کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ فیور ہاسپٹل میں ایک سمینار ہال بھی تعمیر کیا جائے گا اور 250 نشستوں کی گنجائش والا اڈیٹوریم تعمیر کرنے کے ساتھ ساتھ انتہائی خستہ حالت میں پائے جانے والے میڈیکل اسٹور روم کے مقام پر سرجیکل میڈیکل اسٹور عمارت تعمیر کروائی جائے گی اور ان تمام مجوزہ کاموں کی تکمیل کے فوری بعد شیڈز میں اپئے جانے والے وارڈز کے بجائے پختہ عمارتوں کی تعمیربشمول بلڈ بینک کا قیام عمل میں لانے کیلئے موثر و مثبت اقدامات کئے جائیں گے۔

TOPPOPULARRECENT