Thursday , August 17 2017
Home / کھیل کی خبریں / فیڈرر ‘ اینڈی مرے ‘ازارینکا امریکی اوپن کے پری کوارٹر فائنل میں داخل

فیڈرر ‘ اینڈی مرے ‘ازارینکا امریکی اوپن کے پری کوارٹر فائنل میں داخل

سابین لیسسکی ‘پیٹرا کویٹوااور رچرڈ گاسکٹ کی بھی پیشرفت جاری ۔ کناڈا کی گولڈن گرل یوجین بوچرڈ کی ٹورنمنٹ میں برقراری مشکوک

نیویارک 6 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) پسندیدہ ٹینس کھلاڑی روجر فیڈرر نے فلپ کولشرائیبر کو دسویں مرتبہ شکست دیتے ہوئے امریکی اوپن کے پری کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے جبکہ کناڈا کی گولڈن گرل یوجین بوچرڈ نے سر میں زخم آنے کی وجہ سے ٹورنمنٹ سے دستبرداری کے قریب ہیں ۔ پانچ مرتبہ کے چمپئن اور عالمی نمبر دو موقف رکھنے والے روجر فیڈرر نے کولشرائبر کے خلاف 6 – 3, 6 – 4, 6 – 4 سے کامیابی حاصل کرلی ۔ 34 سالہ روجر فیڈرر سب سے زیادہ معمر گرانڈ سلام ونر کا اعزاز حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جو فی الحال 1970 سے کین روس وال کے نام درج ہے ۔ فیڈرر کا آئندہ مقابلہ امریکہ کے 13 ویں نمبر سیڈ جان اسنر کے ساتھ ہوگا جنہیں چیک جمہوریہ کے جیری ویسلی کے زخمی ہوکر سبکدوش ہوجانے کے نتیجہ میں یہاں موق مل گیا ہے ۔ اس دوران گولڈن گرل بوچرڈ کو آج اٹلی کی رابرٹو ونسی کے خلاف اپنا میچ کھیلنا ہے لیکن تادم تحریر یہ پتہ نہیں چل سکا کہ آیا وہ ٹورنمنٹ میں برقرار رہیں گی یا نہیں۔ وہ وومنس لاکر روم میں گرنے کے بعد اپنا سر زخمی کر بیٹھی ہیں

اور آج ٹورنمنٹ سے دستبرداری کا خطرہ لاحق ہوگیا ہے ۔ 21 سالہ کناڈائی اسٹار نے طبی بنیادوں پر وومنس اور مکسڈ ڈبلز مقابلوں سے پہلے ہی دستبرداری اختیار کرلی تھی ۔ ٹورنمنٹ ڈائرکٹر ڈیوڈ بریور کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس زخم کی شدت اور نوعیت کا امریکی اوپن میں میدان پر موجود طبی عملہ کی جانب سے مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہیکہ ابھی تک سنگلز مقابلوں میں برقرار رہنے کے تعلق سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا تھا ۔ بوچرڈ طبی مشورے اور علاج لیتی رہیں گی ۔ انہوں نے بتایا تھا کہ آج شام تک ان کے مقابلہ کرنے کے تعلق سے کوئی اعلان کردیا جائیگا ۔ مردوں کے زمرہ میں روجر فیڈرر نیویارک میں یو ایس اوپن کے چوتھے راونڈ میں داخل ہوگئے ہیں اور وہ 2009 کے بعد سے یہاں پہلی مرتبہ فائنل میں رسائی کی کوشش کرینگے ۔ آج کے مقابلہ میں انہوں نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا اور ومبلڈن کے بعد آج پہلی مرتبہ ان کی سرویس ایک مرتبہ بریک کی گئی ۔ فیڈرر نے میچ کے بعد کہا کہ انہوں نے آج بڑے پوائنٹس جیتے ہیں۔ انہوں نے آج سرویس بھی اچھی کی ہے حالانکہ میچ کے دوران دونوں ہی کھلاڑیوں کیلئے حالات مخالف اور سازگار ہوتے رہے ۔ فیڈرر نے کہا کہ انہیں اپنے مخالف کے کھیل کو دیکھتے ہوئے اپنے انداز میں تبدیلی لانی پڑی تھی ۔ خواتین کے زمرہ میں دو مرتبہ کی رنر اپ وکٹوریہ ازارینکا نے 11 ویں نمبر سیڈ جرمنی کی انجلیک کربر کے خلاف تین گھنٹوں تک جدوجہد کے بعد کامیابی حاصل کرلی ۔ جاریہ سیزن میں ازارینکا کو اپنے بائیں پیر میں تکلیف کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ انہوں نے یہ میچ 7 – 5, 2 – 6, 6 –  4 سے جیت لیا ۔ پہلے سیٹ میں حالانکہ وہ 2 – 5 سے پیچھے تھیں لیکن انہوں نے اچھی واپسی کی ۔

انہوں نے کربر کے خلاف اپنا لگاتار پانچواں مقابلہ جیتا ہے ۔ ازارینکا نے کہا کہ ان کی مخالف ایک بہترین جدوجہد کرنے والی کھلاڑی تھی اور انہیں یہ سخت مقابلہ جیت کر بہت اچھا محسوس ہو رہا ہے ۔ علاوہ ازیں برطانیہ کے اینڈی مرے کا مقابلہ برازیل کے تھوماز بیلوکی سے ہوا جس میں مرے نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے پری کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ۔ خواتین کے زمرہ میں جرمنی کی سابین لیسسکی نے چیک جمہوریہ کی بربورا اسٹرائیکوا کو شکست دے کر چوتھے راونڈ میں رسائی حاصل کرلی ۔ چیک جمہوریہ کی پیٹرا کویٹوا نے سلواکیہ کی اینا کیرولینا شمیڈوا کو شکست دے کر چوتھے راونڈ میں رسائی حاصل کرلی ہے ۔ علاوہ ازیں فرانس کے رچرڈ گاسکٹ نے مردوں کے زمرہ میں تیسرے راونڈ میں آسٹریلیا کے برنارڈ ٹامک کو شکست دے کر چوتھے راونڈ میں رسائی حاصل کرلی ۔

TOPPOPULARRECENT