Sunday , July 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / فیڈرر کا آج چوتھے راؤنڈ میں نڈال سے مقابلہ

فیڈرر کا آج چوتھے راؤنڈ میں نڈال سے مقابلہ

انڈین ویلز۔ 15 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلین اوپن چمپیئن راجر فیڈرر اور فائنل میں ان کے خلاف شکست برداشت کرنے والے سابق عالمی نمبر ایک رافیل نڈال کل ایک مرتبہ پھر یہاں انڈین ویلزماسٹرس ٹینس ٹورنمنٹ کے چوتھے راؤنڈ میں مدمقابل ہوں گے ، جیسا کہ دونوں ہی کھلاڑیوں نے رواں ٹورنمنٹ کے تیسرے راؤنڈ کے مقابلے میں فتوحات حاصل کرلی ہیں۔ کیلی فورنیا کے اس ٹورنمنٹ میں گزشتہ رات فیڈرر نے مقامی کھلاڑی اسٹیو جانسن کے خلاف راست سٹوں میں 7-6 ، 7-6 کی کامیابی حاصل کی جبکہ نڈال کو اپنے ہم وطن ٹینس کھلاڑی فرنانڈو ورڈاسکو کو شکست دینے کیلئے زیادہ محنت نہیں کرنی پڑی اور وہ 6-3، 7-5 کی کامیابی حاصل کی ۔ فیڈرر اور نڈال کے درمیان اندرون دو ماہ یہ دوسرا مقابلہ ہوگا جبکہ اپنے کیرئیر کے یہ دو کٹر حریف کھلاڑی 36 ویں مرتبہ میدان میں اُتریں گے ۔ یہاں نڈال نے فیڈرر کو 23 مرتبہ شکست دی ہے لیکن رواں سیزن آسٹریلین اوپن کے فائنل میں پانچ سیٹوں پر مشتمل سنسنی خیز مقابلے میں فیڈرر نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے 18 واں گرانڈ سلام خطاب حاصل کیا ہے ۔ چوتھے راؤنڈ میں فاتح قرار پانے والا کھلاڑی کوارٹر فائنل میں سابق عالمی نمبر ایک سربیائی کھلاڑی نواک جوکووچ کے خلاف یا چوتھے راؤنڈ میں ان کے حریف نک کائرگوس کے خلاف میدان میں اُترے گا۔ فیڈرر کے خلاف چوتھے راؤنڈ کے مقابلے کے ضمن میں اظہارخیال کرتے ہوئے نڈال نے کہاکہ فیڈرر کے پاس یہ صلاحیت ہے کہ وہ انتہائی مشکل حالات کو آسان کر دکھاتے ہیں۔ فیڈرر نہ صرف گیند پر تیزی سے پہونچنے کی صلاحیت رکھتے ہیں بلکہ ان کی سرویس اور گیند پر پہلی ہی ضرب نشان دلوادیتی ہے۔ ابتدائی دو اسٹروکس میںہی وہ کامیابی حاصل کرتے ہیں جس سے مقابلے میں بہ آسانی سبقت حاصل کی جاسکتی ہے ۔ دوسری جانب فیڈرر نے نڈال کے خلاف کھیلے جانے والے اس مقابلے کے ضمن میں کہاکہ میں یہاں نڈال جیسے کھلاڑی کے خلاف مقابلے کیلئے آیا ہوں ، اور نڈال کے خلاف ہی مقابلے سے مجھے خوشی ملی ہے ۔ فیڈرر نے اُمید ظاہر کی ہے کہ وہ نڈال کے خلاف ایک اور بہتر مظاہرہ کے ذریعہ سیزن کے آئندہ اہم ایونٹ کے لئے تیاری کرنا چاہیں گے ۔ فیڈرر نے مزید کہا کہ آسٹریلیا میں کامیابی یا ناکامی سے قطع نظر میں کل میدان میں دباؤ سے آزاد مظاہرہ کرنے کیلئے پرعزم ہوں ۔ علاوہ ازیں جوکووچ نے اپنے کٹر حریف ارجنٹینا کے یان مارٹن ڈیل پوٹرو کے خلاف ایک سخت مقابلے میں 7-5، 4-6 ، 6-1 کی کامیابی حاصل کرتے ہوئے چوتھے راؤنڈ میں رسائی حاصل کرلی ہے جہاں ان کا مقابلہ نک سے ہوگا ۔ دریں اثناء چوتھے درجہ کے جاپانی کھلاڑی کائی نشی کوری نے اپنے تیسرے مرحلے کے مقابلے میں جائیس مولر کو بہ آسانی 6-2، 6-2 سے شکست دی ہے ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT