Sunday , March 26 2017
Home / ہندوستان / فیڈل کاسترو ۔ داستانوی انقلابی رہنما تھے

فیڈل کاسترو ۔ داستانوی انقلابی رہنما تھے

صدرجمہوریہ ، وزیراعظم ، صدر کانگریس اور کمیونسٹ جماعتوں کا اظہار تعزیت
نئی دہلی 26 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے کیوبا کے بزرگ قائد انقلاب فیڈل کاسترو کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ صدر مکرجی نے ٹوئیٹر پر اپنے تعزیتی پیام میں کہا کہ ’’کیوبا کے انقلابی رہنما سابق صدر اور ہندوستان کے دوست فیڈل کاسترو کے انتقال پر ملال پر دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں ‘‘۔ وزیراعظم نریندر مودی نے آج کیوبا لیڈر فیڈل کاسٹرو کی موت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے اور انھیں 20 ویں صدی کی عظیم شخصیت اور ہندوستان کا ایک بہترین دوست قرار دیا۔ انھوں نے صدمہ انگیز لمحات میں کیوبائی حکومت اور عوام کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔ کیوبا کے سابق صدر اور کمیونسٹ نظریہ ساز فیڈرل کاسٹرو جنھوں نے ملک میں انقلاب برپا کیا تھا بعمر 90 سال انتقال کرگئے ہیں۔ کانگریس صدر سونیا گاندھی نے سابق صدر کیوبا فیڈرل کاسٹرو کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا اور کہاکہ کاسترو کی موت سے نہ صرف کیوبا بلکہ ایک مخصوص نظریہ کو نقصان پہنچا ہے۔ جوکہ دبے کچلے عوام اور اظہار خیال کی آزادی کے علمبردار تھے۔ انھوں نے بتایا کہ غیر جانبدار تحریک میں ان کے رول اور مختلف فورمس میں ہندوستان کی نمائندگی کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ دریں اثناء سی پی ایم کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری اور سی پی آئی کے جنرل سکریٹری ایس سدھاکر ریڈی اور سی پی آئی (ایم ایل) لبریشن کے جنرل سکریٹری دیپانکر بھٹاچاریہ نے بھی کیوبا کے انقلابی رہنما فیڈرل کاسترو کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا ہے اور بتایا کہ وہ ہندوستانی کمیونسٹ تحریک اور ہندوستان کے عظیم دوست تھے۔ فیڈل کاسترو کو سرچشمہ وجدان قرار دیتے ہوئے سیتارام یچوری نے کہاکہ کیوبا کو پسماندگی سے ترقی کی بلندیوں تک لے جانے میں کاسترو نے گرانقدر خدمات انجام دی تھیں۔ انھوں نے بتایا کہ دنیا کی سب سے زیادہ خواندگی کیوبا میں پائی جاتی ہے۔ میڈیکل سائنسیس میں حیرت انگیز ترقی کی بدولت امریکی ڈاکٹرس بھی یہاں تربیت کے لئے آتے ہیں گوکہ ایک دور کا اختتام ہوگیا ہے لیکن فیڈرل کاسترو جیسے انقلابی زندہ جاوید رہیں گے۔ سی پی آئی نے کہاکہ ماڈرن سوشلسٹ کیوبا کی تعمیر میں فیڈرل کاسترو نے تاریخی رول ادا کیا ہے جہاں سے ناخواندگی، بھوکمری اور بیماریوں کا صفایا کردیا گیا۔ وہ ایک مارکسسٹ مفکر اور داستانوی انقلابی رہنما تھے۔ مختلف فورموں پر ہندوستان کے مقاصد کے لئے ان کی مضبوط حمایت کی یاد ہندوستانی عوام کے دل ودماغ میں ہمیشہ تازہ رہے گی۔واضح رہے کہ امریکہ کی ناک کے نیچے ایک طاقتور کمیونسٹ ملک کی بنیاد رکھ کر پانچ دہائیوں تک اسے کھلا چیلنج پیش کرنے والے کیوبا کے انقلابی رہنما مسٹر کاسترو کا 90 سال کی عمر میں کل جمعہ کی رات کو انتقال ہو گیا تھا۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT