Sunday , September 24 2017
Home / شہر کی خبریں / ف12 فیصد مسلم تحفظات پر آج سے کانگریس کی دستخطی مہم

ف12 فیصد مسلم تحفظات پر آج سے کانگریس کی دستخطی مہم

صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی افتتاح کرینگے ۔ 10 لاکھ دستخطوں کے حصول کا منصوبہ
حیدرآباد 3 اپریل ( آئی این این ) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر این اتم کمار ریڈی کی جانب سے کل پیر کو دو پہر گاندھی بھون میں 12 فیصد مسلم تحفظات کیلئے ایک ملین دستخطوں کی مہم کا آغاز کیا جائیگا ۔ اس مہم کا گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی ( اقلیتی ڈپارٹمنٹ ) کی جانب سے آغاز کیا جا رہا ہے ۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کے ورکنگ صدر ملی بٹی وکرامارکا ‘ ایم ایل سی فاروق حسین ‘ سابق ایم ایل سی و صدر جمیعۃ العلما حافظ پیر شبیر احمد اور کئی دوسرے سینئر کانگریس قائدین اس موقع پر موجود رہیں گے ۔ نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں ‘ جو ریاست بھر میں 12 فیصد مسلم تحفظات کیلئے مہم چلا رہے ہیں ‘ اس تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرینگے ۔ گریٹر حیدرآباد کانگریس اقلیتی ڈپارٹمنٹ کے صدر شیخ عبداللہ سہیل نے بتایا کہ 12 فیصد مسلم تحفظات کیلئے ہاں مہم کا مقصد سماج کے مختلف طبقات سے دس لاکھ دستخطوں کا حصول ہے تاکہ ٹی آر ایس حکومت پر مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ پورا کرنے کیلئے دباؤ ڈالا جاسکے ۔ یہ تحفظات سرکاری ملازمتوں اور تعلیم کے شعبہ میں دئے جانے چاہئیں۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگنہ کانگریس کے ورکرس و قائدین تمام سطحوں پر اس پروگرام میں سرگرمی سے حصہ لیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ دستخطیں شخصی طور پر حاصل کرنے کے ساتھ آن لائین مہم بھی شروع کی جائیگی اور اس کیلئے سوشیل میڈیا کے تمام پلیٹ فارمس استعمال کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم تحفظات کیلئے یہ ایک سب سے بڑی اور زبردست تحریک ہوگی ۔ شیخ عبداللہ سہیل نے بتایا کہ جو لوگ 12 فیصد مسلم تحفظات کے حق میں ہیں وہ [email protected] پر میل روانہ کرتے ہوئے یا فیس بک پر پیج Yes for 12%Muslim reservaton کو لائیک کرتے ہوئے یا نمبر 7842369212 پر واٹس اپ پیام بھیجتے ہوئے اپنی تائید کا اظہار کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی مسلم تحفظات کیلئے کوئی نیا مطالبہ نہیں کر رہی ہے ۔ سابق کی کانگریس حکومت نے ہی مسلمانوں کو 4 فیصد تحفظات فراہم کئے تھے ۔ یہ کے سی آر تھے جنہوں نے 12 فیصد مسلم تحفظات کا وعدہ کیا تھا اور اس وعدہ کی بنیاد پر ہی تلنگانہ کے مسلمانوں نے کے سی آر کو ووٹ دیا ہے ۔ ایسے میں یہ ان کا فرض بن جاتا ہے کہ وہ مزید کسی تاخیر کے بغیر اس وعدہ کی تکمیل کریں۔ انہوں نے کہا کہ کے چندر شیکھر راؤ نے چار ماہ میں 12 فیصد تحفظات کا وعدہ کیا تھا لیکن وہ 20 ماہ گذر جانے کے باوجود اس کی تکمیل نہیں کرسکے ۔

TOPPOPULARRECENT