Saturday , October 21 2017
Home / اضلاع کی خبریں / قاتلوں کو جلد گرفتار کیا جائے گا: ڈی آئی جی

قاتلوں کو جلد گرفتار کیا جائے گا: ڈی آئی جی

چار خصوصی ٹیموں کی تشکیل، بی ملاریڈی کا بھینسہ دورہ اور پریس کانفرنس

بھینسہ۔/11مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گذشتہ روز بھینسہ شہر میں پیش آئے دردناک والمناک قتل عام کی اطلاع پاکر ورنگل و کریم نگر ڈی آئی جی بی ملا ریڈی نے گذشتہ رات بھینسہ کا دورہ کرتے ہوئے بھینسہ ڈی ایس پی دفتر میں عادل آباد ایڈیشنل ایس پی پاناسا ریڈی، نرمل ڈی ایس پی منوہر ریڈی اور بھینسہ ڈی ایس پی اندے راملو کے ہمراہ پیش آئے قتل واقعہ سے متعلق تمام تفصیلات سے واقفیت حاصل کی۔ بعد ازاں انہوں نے صحافیوں سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بھینسہ شہر میں پیش آئے قتل کی واردات میں ملوث افراد کو پولیس جلد سے جلد گرفتار کرنے کیلئے اقدامات کررہی ہے اور ان مفرور قاتلوں کی گرفتاری کیلئے چار خصوصی ٹیموں کی تشکیل دی گئی ہے جس کے ذریعہ قاتلوں کو جلد سے جلد گرفتار کیا جائے گا۔ انہوں نے اس قتل کی وجہ پرانی مخاصمت بتائی ہے۔ انہوں نے شہر کی عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی طرح کی افواہوں پر دھیان نہ دیں۔ بعد ازاں رات دیر گئے مقتولین کے افراد خاندان کے وفد جن میں نعمت اللہ خان مرحوم کے فرزند انیس خان، رفعت ( رافع ) خان )، عامر خان کے علاوہ مرحوم یونس خان کے بھائی یحییٰ خان اور بہنوئی قاضی معراج کے علاوہ دیگر افراد خاندان نے بھینسہ ڈی ایس پی دفتر میں مذکورہ پولیس عہدیداران سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے افراد خاندان کے بہیمانہ قتل کی تمام تفصیلات سے واقفیت کرائی۔ جس پر ان عہدیداروں نے ان افراد کو تیقن دیا کہ قاتلوں کو پولیس جلد سے جلد گرفتار کرے گی۔ اس کے علاوہ مقتولین کے افراد خاندان نے پولیس عہدیداروں سے مطالبہ کیا کہ ان کی رہائش گاہ پر پولیس کو تعینات کیا جائے۔ پولیس کے مطابق کل بھینسہ شہر میں پیش آئے قتل کے واقعہ میں چند افراد کے خلاف مقتولین کے افراد خاندان کی جانب سے ایک شکایت درج کرائی۔ اس ضمن میں بھینسہ پولیس نے دفعہ نمبر 84/16 کے تحت قتل کے مقدمہ درج کیا جن میں مجرمین جو قتل میں ملوث ہیں جاوید خان، ماجد خان پر قتل کے دفعہ لگائے گئے۔ ان کے علاوہ ان کا ساتھ دینے کے ضمن میں مزید پانچ افراد جن میں نوراللہ خان، عتو خان، صادق علی، منا خان اور سید ماجد علی شامل ہیں۔ ان تمام سات افراد کے خلاف بھینسہ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے ان کی تلاش کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جاچکی ہیں۔ ان کے خلاف دفعہ 144، دفعہ IPC302-307-148 ، 1498/W کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے تلاش جاری ہے۔ بھینسہ شہر میں گذشتہ روز کے واقعہ میں معصوم خواتین و لڑکی اور دو افراد کے قتل کی وجہ سے بھینسہ شہر کے تمام افراد میں غم و رنج کا ماحول دیکھا جارہا ہے جس کی وجہ سے شہر کے مسلم نوجونوں نے بازار بند کی اپیل کی جس پر شہر کے تمام چھوٹے بڑے تجارتی ادارے پان شاپس، ہوٹلس، گوشت مارکٹ کے علاوہ دیگر دکانات صد فیصد بند دیکھی گئیں۔ اس واقعہ کی وجہ سے شہر کے نوجوانوں میں پولیس کو لیکر کافی ناراضگی دیکھی جارہی ہے۔

بھینسہ میں مقتولین کی نماز جنازہ و تدفین
بھینسہ۔/11 مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھینسہ شہر میں گذشتہ روز پیش آئے قتل عام کی واردات کے مقتولین کی اجتماعی نماز جنازہ گذشتہ شب بعد نماز عشاء مسجد درگاہ شریف میں ہزاروں سوگواروں نے ادا کی۔ مرحومین کی نماز جنازہ ان ہی کے رشتہ دار ساجد خان نے پڑھائی۔ جلوس جنازہ میں ہزاروں افراد نے بلالحاظ مذہب و ملت غم ناک آنکھوں کے ساتھ شرکت کی۔ پانچ مرحومین میں نعمت اللہ خاں سابق کونسلر ان کی اہلیہ وحیدہ خانم سابق کونسلر ، ان کے بھتیجے یونس خان اور ان کے رشتہ دار اکرم بی اور ان کی نواسی عائشہ خانم کی تدفین احاطہ درگاہ شریف واجد غریب نواز میں عمل میں آئی اور نماز جنازہ کے دوران مسجد درگاہ شریف کا احاطہ تنگ دامنی کا شکوہ کررہا تھا۔

 

 

TOPPOPULARRECENT