Saturday , September 23 2017
Home / شہر کی خبریں / قادر علی بیگ تھیٹر فاونڈیشن کے دو ڈراموں کی بنگلورو میں پیشکشی

قادر علی بیگ تھیٹر فاونڈیشن کے دو ڈراموں کی بنگلورو میں پیشکشی

19 دسمبر کو ’ قلی : دلوں کا شہزادہ ‘ اور 20 دسمبر کو ’اسپیسیس ‘ پیش کئے جائیں گے
حیدرآباد ۔ 14 ۔ دسمبر : ( پریس نوٹ ) : قادر علی بیگ تھیٹر فاونڈیشن کی جانب سے بین الاقوامی سطح پر مقبول دو ڈرامے قلی : دلوں کا شہزادہ اور اسپیسیس 19 اور 20 دسمبر کو بنگلورو میں پیش کئے جائیں گے ۔ ان ڈراموں کو پدما شری محمد علی بیگ پیش کریں گے ۔ جنہیں پیرس ، لاہور اور ٹورنٹو میں بھی ان کے ڈراموں کے لیے ایوارڈس عطا کئے گئے ہیں ۔ ڈرامہ قلی : دلوں کا شہزادہ 19 دسمبر کو سہ پہر 3-30 بجے اور شام 7-30 بجے ، رنگا شنکرا پر پیش کیا جائے گا ۔ اس ڈرامہ کو نور بیگ اور محمد علی بیگ نے تحریر کیا ہے ۔ قدیر الزماں نے اس کا اردو ترجمہ کیا ہے اور بیگم رضیہ بیگ نے پروڈیوس کیا ہے ۔ یہ ڈرامہ بانی شہر حیدرآباد شاعر ۔ بادشاہ قلی قطب شاہ اور ان کی محبوبہ رقاصہ بھاگ متی کی تاریخی محبت کی کہانی پر مبنی ہے ۔ یوروپین میڈیا کی جانب سے اس ڈرامہ کی ستائش کرتے ہوئے اسے ایک شاہکار قرار دیا گیا ہے ۔ اس ڈرامہ میں محمد علی بیگ ، نور بیگ ، رشمی سیتھ ، وجئے پرساد اور مدھو سوامی ناتھ نے حصہ لیا ہے ۔ اردو زبان میں اس ڈرامہ کا اس وقت 65 منٹ ہے جب کہ ڈرامہ ’ اسپیسیس ‘ 20 دسمبر اتوار کو سہ پہر 3-30 بجے اور شام 7-30 بجے رنگا شنکرا پر پیش کیا جائیگا ۔ یہ ڈرامہ قادر علی بیگ تھیٹر فاونڈیشن کا جدید ڈرامہ ہے جس میں اس کے برانڈ آف ہیریٹیج تھیٹر کی صحیح روایت کو برقرار رکھا گیا ہے ۔ حیدرآباد میں کسی وقت کی ایک پرشکوہ حویلی میں سیٹ ڈرامہ اسپیسیس ایک آرٹسٹ عزیزہ کی کہانی ہے ۔ جنہیں ماڈرن دنیا کی حقیقتوں کے چیالنجس کا سامنا ہوتا ہے جس میں ان کی پراکٹیکل بیوہ ماں بیگم ممتاز اور امریکہ میں رہنے والے آئی ٹی پروفیشنل منگیتر جاوید شامل ہیں ۔ ایسے میں عزیزہ خود کو ایک اسپیس میں گھرا پاتی ہیں ۔ اس ڈرامہ کو نور بیگ اور محمد علی بیگ نے تحریر کیا اور اسے بیگم رضیہ بیگ نے پروڈیوس کیا ہے ۔ جس میں محمد علی بیگ ، نور بیگ ، رشمی سیتھ ، وجئے پرساد ، ایس اے مجید اور مدھو سوامی ناتھ نے اداکاری کی ہے ۔ انگلش زبان میں اس ڈرامہ کا وقت 90 منٹ ہے ۔ دونوں ڈراموں کے لیے ٹکٹس www.bookmyshow.com اور رنگا شنکرا پر دستیاب ہیں ۔۔

TOPPOPULARRECENT