Friday , June 23 2017
Home / شہر کی خبریں / قانون ساز اسمبلی کے لیجسلیچر اسٹاف کی غلطی کا اعتراف

قانون ساز اسمبلی کے لیجسلیچر اسٹاف کی غلطی کا اعتراف

مستقبل میں غلطی کا اعادہ نہ کرنے اسپیکر کی یقین دہانی
حیدرآباد۔20 مارچ (سیاست نیوز) بی جے پی کے فلور لیڈر کشن ریڈی نے آج قانون ساز اسمبلی کے لیجسلیچر اسٹاف کی غلطی کی نشاندہی کی جس پر اسپیکر مدھوسدن چاری نے غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے آئندہ احتیاط کرنے کا تیقن دیا۔ وقفہ سوالات کے دوران کشن ریڈی نے ایوان کی توجہ مبذول کروائی اور بتایا کہ انہوں نے راشن کارڈ کے سلسلہ میں جو سوال پوچھا تھا وہ 4 نکات پر مشتمل تھا لیکن آج جب سوال تحریری طور پر ایوان میں پیش ہوا ہے تو اس میں صرف ابتدائی دو امور شامل ہیں اور باقی دو امور کو حذف کردیا گیا ہے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں اسپیکر سے رولنگ دینے کی خواہش کی اور کہا کہ ان کے سوالات غیر پارلیمانی تھے، جنہیں حذف کرنا پڑا۔ اسپیکر مدھوسدن چاری نے بتایا کہ اسی نوعیت کے دوسرے سوال میں باقی دو امور کو شامل کرتے ہوئے کشن ریڈی کا نام اس سوال میں بھی شامل کیا گیا ہے۔ کشن ریڈی نے کہا کہ وہ گزشتہ 13 برسوں سے اسمبلی کے رکن ہیں لیکن آج تک اس طرح کا واقعہ پیش نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ جب دوسرے سوال کے لیے انہوں نے دستخط ہی نہیں کی ہے تو پھر کس طرح ان کا نام شامل کیا جاسکتا ہے۔ قائد اپوزیشن کے جانا ریڈی نے لیجسلچر اسٹاف کے رویہ کو انتہائی قابل اعتراض قرار دیا اور کہا کہ دوسروں کے سوال میں کیسے تیسرے کی مداخلت ہوسکتی ہے۔ اسپیکر نے صورتحال کی نزاکت کو محسوس کرتے ہوئے غلطی کا اعتراف کرلیا اور کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ آئندہ اس طرح کی غلطی سرزد نہ ہو۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT