Friday , August 18 2017
Home / شہر کی خبریں / قانون ساز کونسل کیلئے 6 امیدواروں کا بلا مقابلہ انتخاب

قانون ساز کونسل کیلئے 6 امیدواروں کا بلا مقابلہ انتخاب

حیدرآباد ۔ 13 دسمبر : ( سیاست نیوز ) : ریاست میں مجالس مقامی کوٹہ کے تحت تلنگانہ قانون ساز کونسل ارکان کے لیے 27 دسمبر کو منعقد ہونے والے انتخابات کے سلسلہ میں داخل کردہ پرچہ جات نامزدگیوں سے دستبرداری اختیار کرنے کی مدت آج ختم ہوگئی ۔ جب کہ ریاست میں 12 کونسل ارکان کے لیے منعقد کئے جانے والے انتخابات کے منجملہ 6 ارکان کونسل کا بلا مقابلہ انتخاب عمل میں آیا اور اس طرح اب صرف 6 ارکان کونسل کے لیے 27 دسمبر کو انتخابات منعقد ہوں گے اور 30 دسمبر کو ان انتخابات سے متعلق ووٹوں کی گنتی کی جائے گی ۔ چیف الکٹورل آفیسر ریاست تلنگانہ و آندھرا پردیش مسٹر بنور لعل نے یہ بات بتائی اور کہا چونکہ مجالس مقامی کوٹہ کے تحت کونسل ارکان کے انتخابات منعقد ہورہے ہیں اور ان انتخابات کے سلسلہ میں کوئی بھی امیدوار ہوکہ سیاسی جماعت رائے دہندوں کے لیے کوئی کیمپس منعقد کرنے کی صورت میں ان کے خلاف سخت کارروائی کا مسٹر بنور لعل نے انتباہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ عادل آباد سے ٹی آر ایس امیدوار مسٹر پی ستیش کمار ، نظام آباد سے ٹی آر ایس امیدوار مسٹر بھوپتی ریڈی ، ضلع کریم نگر سے ٹی آر ایس امیدوار مسٹر ٹی بھانو پرساد راو اور مسٹر این لکشمن راؤ ، ضلع میدک سے ٹی آر ایس امیدوار مسٹر وی بھوپال ریڈی اور ضلع ورنگل سے ٹی آر ایس امیدوار مسٹر کے مدلیدھر راؤ بلا مقابلہ منتخب قرار دئیے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ ماباقی چھ ارکان کونسل کے لیے منعقد کئے جانے والے انتخابات کے سلسلہ میں تمام تر تیاریاں تیزی سے جاری ہیں ۔ انہوں نے اخباری نمائندوں کے مختلف سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ انہیں موصولہ بعض شکایات کا جائزہ لے کر رپورٹ مرکزی الیکشن کمیشن کو روانہ کردی گئی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب تک 6.58 لاکھ روپئے ضبط کئے گئے ۔ جن اضلاع میں بلا مقابلہ انتخاب ہوا وہاں انتخابی ضابطہ اطلاق نافذ نہیں رہے گا ۔۔

TOPPOPULARRECENT