Saturday , August 19 2017
Home / ہندوستان / قتل کیس:نجیب جنگ کو گرفتار کریں عام آدمی پارٹی کا مطالبہ

قتل کیس:نجیب جنگ کو گرفتار کریں عام آدمی پارٹی کا مطالبہ

نئی دہلی ، 23 جون ( سیاست ڈاٹ کام) این ڈی ایم سی اسٹیٹ آفیسر ایم ایم خان کے قتل کیس میں دہلی کے لیفٹننٹ گورنر (ایل جی) نجیب جنگ پر آج سخت لفظی حملہ کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی نے کہا کہ وہ بی جے پی کے ایجنٹ ہیں۔ برسراقتدار پارٹی نے کہا کہ وہ فوراً استعفیٰ دیں اور انہیں گرفتار کیا جانا چاہئے۔ آج یہاں پریس کانفرنس سے خطاب میں عام آدمی پارٹی لیڈر راگھو چڈھا نے ایل جی پر الزام لگایا کہ وہ بی جے پی قائدین کرن سنگھ تنور اور مہیش گیری کو بچا رہے ہیں ، یہ دونوں رمیش ککر سے وابستہ ہیں جو قتل کیس کا اصل ملزم ہے۔ آج شائع ایک خبر کا حوالہ دیتے ہوئے ، جس میں کہا گیا ہے کہ ایل جی نے ایم ایم خان کے خلاف کارروائی کی ہدایت دی تھی، چڈھا نے کہا: ’’لیفٹننٹ گورنر ،بی جے پی ایجنٹ کی طرح کام کررہے ہیں، انہیں فوری استعفیٰ دینا چاہئے۔ انہیں قتل کیس کے سلسلے میں گرفتار بھی کیا جانا چاہئے۔‘‘ عام آدمی پارٹی نے اس معاملے کی تفصیلی جانچ کا بھی مطالبہ کیا اور اپنا احتجاج درج کرایا کہ ایم ایم خان قتل کیس میں ایل جی کوئی کارروائی کیوں نہیں کررہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT