Monday , August 21 2017
Home / شہر کی خبریں / قرآنی آیات میں روزمرہ زندگی کے مسائل کے حل کی تدابیر

قرآنی آیات میں روزمرہ زندگی کے مسائل کے حل کی تدابیر

انگریزی ’ قرآنک ورسس ‘ کی رسم اجرائی تقریب سے جناب زاہد علی خاں ، مفتی صادق محی الدین فہیم اور ڈاکٹر فصیح الدین کی مخاطبت
حیدرآباد ۔ 13 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : قرآن زندگی کے ہر شعبہ میں رہنمائی کرتا ہے وہیں پر روزمرہ زندگی کے مسائل کی یکسوئی کے لیے بھی ہدایات ہیں اس ضمن میں آسان انگریزی زبان میں ’ قرآنک ورسس ‘ دی گائیڈ کو ڈاکٹر محمد فصیح الدین علی خاں ( لندن ) نے مرتب کیا ۔ اس کی تقریب رسم اجرائی کا دفتر سیاست کے محبوب حسین جگر ہال عابڈس پر منعقد ہوئی ۔ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست نے اسلام کے پانچ بنیادی ارکان کے حوالہ سے تفصیلی روشنی ڈالی ۔ اور مولانا مفتی صادق محی الدین فہیم نے مخاطب کرتے ہوئے نئی نسل پر زور دیا کہ وہ عصری تعلیم کے ساتھ قرآنی علوم سے واقفیت حاصل کرتے ہوئے اس سے رہنمائی حاصل کریں ۔ کتاب پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ روزمرہ کے مختلف موضوعات کو شامل کرتے ہوئے اس کو قرآنی آیات کے ترجمے اور وضاحتیں آسان انگریزی میں بتائی گئی ۔ ڈاکٹر فصیح الدین علی خاں نے مولانا مودودیؒ کی تفہیم القرآن کے چھ جلدوں اور ابن کثیر کی تفسیر کے پانچ جلدوں کا باریک بینی سے مطالعہ کرتے ہوئے اس سے استفادہ کرتے ہوئے اس کتاب کو مرتب کیا ۔

 

مولانا مفتی صادق محی الدین فہیم نے اپنی تقریر میں اس مساعی کی ستائش کرتے ہوئے ڈاکٹر فصیح الدین کو مبارکباد دی اور کہا کہ انگریزی زبان سے جو مسلم نئی نسل واقف ہے اس سے زیادہ استفادہ کیا جاسکتا ہے ۔ عربی زبان میں اسلامی لٹریچر سب سے زیادہ ہے ۔ پھر فارسی اور اردو زبان میں اسلامی علوم کا ذخیرہ اور ان کے ترجمے انگلش میں ہورہے ہیں اور مقامی زبان تلگو اور دیگر زبانوں میں اس کا ترجمہ کیا جارہا ہے ۔ مولانا مفتی صادق محی الدین نے سلسلہ تقریر جاری رکھتے ہوئے ادارہ سیاست کے مختلف شعبہ جات میں کی جانے والی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے اس کے تحریکات کے ثمر آور نتائج آرہے ہیں ۔ اس کے لیے ادارہ کے ذمہ داران کو مبارکباد دی ۔ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست نے اسلام کے پانچ ارکان اس طرح آسان الفاظ میں بیان کیا کہ پانچ الفاظ ، بول ( کلمہ ) ، کر (نماز ) ، رکھ ( روزہ ) ، دے ( زکواۃ ) ، اور جا (حج ) ہے ۔ اس کو سمجھ جائے تو معلوم ہوگا کہ اسلام پرامن مذہب ہے اسلام میں قتل کی سخت ممانعت ہے ۔ آج جہاد کا غلط مفہوم لیا جارہا ہے ۔ زکواۃ کے صحیح مصرف سے بھی مسلمانوں کے کئی مسائل حل ہوسکتے ہیں ۔ اس موقع پر سرکردہ شخصیات مسٹر عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف ، ڈاکٹر سید غوث الدین ، احمد صدیقی مکیش ، ڈاکٹر مسعود جعفری ، وقار ، ڈاکٹر فرید صادق ، محمد فتح اللہ ، نصر اللہ ، ایم اے احمد شریک تھے ۔ پروگرام کا آغاز قاری مسعودپاشاہ قادری کی قرات سے ہوا ۔ نامور شاعر فرید سحر شریک معتمد زندہ دلان حیدرآباد اور نور الھدیٰ نے نعتیں پیش کی ۔ جناب میر شجاعت علی جنرل منیجر سیاست نے معاونت کی ۔ ایم اے حمید کنوینر نے نظامت کے فرائض انجام دئیے اور آخر میں شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر سوال جواب سیشن کے ذریعہ ڈاکٹر محمد فصیح الدین علی خاں نے لندن کے ایک حوالہ سے اطمینان بخش جوابات دئیے ۔۔

TOPPOPULARRECENT