Tuesday , September 26 2017
Home / اضلاع کی خبریں / قرآنی تعلیمات پر سختی سے عمل کرنے کی تلقین

قرآنی تعلیمات پر سختی سے عمل کرنے کی تلقین

کوڑنگل میں ایک روزہ دینی اجتماع برائے خواتین، محترمہ پیرانی ماں سنگاریڈی کا خطاب
کوڑنگل۔/21مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رحمت عالم کمیٹی کوڑنگل کے زیر اہتمام گزشتہ روز گیارہ بجے دن تا پانچ بجے شام بمقام احاطہ مکان جناب محمد عبدالمقید ایڈوکیٹ مرحوم واقع محلہ شاہ بازار میں محترمہ عالیہ بانو کی زیر صدارت ایک روزہ دینی اجتماع برائے خواتین کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا۔ محترمہ خدیجہ بیگم و قدیرا بیگم نے نعتیں پیش کیں۔ مہمان مقررہ محترمہ پیرانی مانصاحبہ صدر معلمہ جامعہ فاطمہ نسوان سنگاریڈی نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید کو مسلمانوں کا دستور العمل قرار دیا اور اسی پر انسان کی فلاح و نجات کا دارومدار رکھا۔ محترمہ نے مزید کہا کہ مسلمانوں کیلئے یہ ضروری ہے کہ وہ عصری تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم بھی حاصل کریں۔ خواتین پر زور دیا کہ وہ لڑکیوں کی صحیح تربیت کرتے ہوئے علم دین سے آراستہ و پیراستہ کریں۔ انہیں قرآن کی تعلیم دلائیں ورنہ عصری تعلیم ہی مقصد زندگی ہوکر رہ جائے گا جو معاشرہ کے بگاڑ کا بڑا سبب ہے۔ موجودہ دور میں خاص طور پر ماؤں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے بچوں کی اسلامی ماحول میں تربیت کا انتظام کریں۔ انہیں اپنے اسلاف کی تاریخ سے واقف کروائیں، ان کے ہر عمل پر نظر رکھیں۔ اسلامی تعلیمات اور اسلامی تاریخ سے واقف کروائیں۔ تاریخ اسلام میں بیشتر ایسی خواتین بھی گزری ہیں جنہوں نے اپنے علم و فضل، زہد و عبادت اور عرفان و سلوک سے اسلام کی بہت خدمت کی ہے۔ محترمہ پیرانی ماں نے اپنا بیان جاری رکھتے ہوئے اولاد کی تربیت میں ماؤں کے کردار کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ حضرت سفیان ثوری ؒ کی والدہ ماجدہ، حضرت غوث اعظم دستگیر ؒ کی والدہ حضرت سیدہ فاطمہ اُم الخیر، حضرت بابا فرید گنج شکر ؒ کی والدہ ماجدہ بی بی قرسم خاتون، حضرت خواجہ نظام الدین محبوب الہیٰ ؒ کی والدہ ماجدہ حضرت بی بی زلیخا و حضرت خواجہ رضی الدین نقشبندیؒ کی والدہ ماجدہ وغیرہ کے صالح فرزندوں نے عالم اسلام کی رہبری اور رہنمائی کی۔ قرآن اور صاحب قرآن کی تعلیمات کو عام کیا۔ محترمہ نے قرآنی تعلیمات پر سختی سے عمل پیرا ہونے کی تلقین کی۔ مقامی خواتین کے علاوہ قریبی مواضعات کی خواتین بھی کثیر تعداد میں شریک جلسہ تھیں۔ جلسہ میں شریک خواتین کیلئے طعام کا انتظام کیا گیا تھا۔ صدر رحمت عالم کمیٹی محمد عبدالقادر عرف عبدل کے علاوہ دیگر منتظمین نے کثیر تعداد میں شریک جلسہ خواتین کا شکریہ ادا کیا۔ پیرانی ماں نے سلام بہ بارگاہ خیرالانامؐ پیش کیا۔

TOPPOPULARRECENT