Friday , September 22 2017
Home / شہر کی خبریں / قرآن مجید اللہ کی کتاب ، علم و عبادت کا مجموعہ

قرآن مجید اللہ کی کتاب ، علم و عبادت کا مجموعہ

دارالعلوم رحیمیہ میں اجتماع ، مفتیہ رضوانہ زرین کا خطاب
حیدرآباد ۔ /11 جون (راست) مفتیہ رضوانہ زرین پرنسپل و شیخ الحدیث جامعۃ المؤمنات نے دارالعلوم رحیمیہ چنچل گوڑہ روبرو گورنمنٹ جونیر کالج میں منعقدہ خواتین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا قرآن مجید اللہ کی کتاب ہے جو ہماری ہدایت کیلئے اتاری گئی یہ دستور حیات ہے ، قرآن مجید علم و عبادت کا مجموعہ ہے ، قرآن قلب انسانی کا نور ہے ،یہ دل پر طاری ہوتا ہے اور دل کی دنیا بدل دیتا ہے ، قرآن مجید میزان عمل ،میزان عدل اور میزان حیات ہے ، قرآن مجید ایک ایسا معظم و متبرک کلام الٰہی ہے کہ اس کے مثل کسی کا کلام نہیں ہوسکتا ۔ قرآن مجید میں تمام علوم موجود ہیں لیکن لوگوں کے ذہن ان کو سمجھنے سے قاصر ہیں ، حضور ﷺ نے فرمایا میری امت کی افضل ترین عبادت قرآن مجید کی تلاوت ہے ۔ جو لوگ قرآن مجید پر ایمان لاتے ہیں اور عمل کرتے ہیں اللہ تعالیٰ ان کو دنیا و آخرت میں رفعت و عزت عطا فرماتا ہے ۔ حضور ﷺ نے فرمایا جس شخص کے قلب میں قرآن شریف کا کوئی حصہ بھی محفوظ نہیں وہ ویران گھر کے ہے ، حضور ﷺ نے فرمایا کہ قرآن مجید کی تلاوت اپنے اوپر لازم کرلو اس لئے کہ وہ زمین میں تمہارے لئے نوراور آسمان میں تمہارے لئے جمع شدہ خزانہ ہے ۔ قرآن مجید ہمارا امام ہے ، قرآن مجید پر عمل کرنے والوں کیلئے کامیابی حاصل ہوگی ۔ ماہ رمضان المبارک اللہ تعالیٰ کی طرف سے مومن کیلئے عظیم تحفہ ہے ، جس میں پانچ اہم عبادتیں روزہ ، نماز ، تراویح ، اعتکاف ، زکوٰۃ ، صدقہ فطر شامل ہیں، ماہ رمضان المبارک ہدایت و برکت کا مہینہ ہے ، اس کی قدر عبادتوں کے ذریعہ کرنا چاہئیے کہ معمولی بہانے کرتے ہوئے اللہ کی مفروضہ عبادت روزے کو ترک نہ کریں اور ماہ رمضان میں مسلم خواتین بازاروں میں خرید و فروخت کیلئے نہ گھومیں بلکہ عبادتوں میں وقت گذاریں ، عذر کی بناء روزہ نہ رکھیں تو عام بازاروں اور ہوٹلوں میں کھانے پینے سے گریز کریں ، رمضان برکتوں ، رحمتوں اور نعمتوں کا مہینہ ہے ۔

TOPPOPULARRECENT