Thursday , August 17 2017
Home / Top Stories / قرآن مجید کے منفرد آن لائن سافٹ ویر کا جمعرات کو افتتاح

قرآن مجید کے منفرد آن لائن سافٹ ویر کا جمعرات کو افتتاح

سیاست اور جودہ انفو ۔ گنگوٹیک کے اشتراک و تعاون سے سافٹ ویر کی تیاری
حیدرآباد ۔ 13 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : سوشیل میڈیا کے اس دور میں اس میڈیا کا خاص طور پر دعوت دین کے لیے بہتر انداز میں استعمال کیا جاسکتا ہے ۔ دشمنان اسلام کی لاکھ کوششوں کے باوجود مختلف ملکوں ، علاقوں اور قبائل و گروپس سے تعلق رکھنے والے لوگ اسلام کے بارے میں جاننے کے خواہاں ہیں ۔ ان میں قرآن مجید پڑھنے کی تڑپ پائی جاتی ہے وہ سیرت النبیﷺ کا مطالعہ کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں ۔ ان میں سے کئی ایسے بھی ہیں جو انٹرنیٹ پر قرآن مجید اور سیرت النبیؐ کا مطالعہ کرتے ہیں ۔ اس کے علاوہ خود ہماری نئی نسل بھی سوشیل میڈیا کا بہت زیادہ استعمال کررہی ہے ۔ ایسے میں اسے اس کے شوق کے مطابق دین کی جانب راغب کرنے کے لیے سوشیل میڈیا کا استعمال کیا جارہا ہے ۔ اس ضمن میں ادارہ سیاست ٹکنالوجیز لمٹیڈ اور جودہ انفو ۔ لینگوٹیک پرائیوٹ لمٹیڈ کے اشتراک و تعاون سے منیجنگ ایڈیٹر سیاست جناب ظہیر الدین علی خاں اور چیف اگزیکٹیو آفیسر JILT جناب ابوالخیر صدیقی کی نگرانی میں اپنی طرز کا ایک منفرد آن لائن سافٹ ویر تیار کیا گیا ہے جو ہندوستان کی دس علاقائی زبانوں میں عالمی معیار پر مبنی قرآن مجید کے اس آن لائن سافٹ ویر کی تیاری کے پراجکٹ ڈائرکٹر ابو مظہر خالد صدیقی پی ایچ ڈی ریسرچ اسکالر و ڈائرکٹر JILT رہے ۔ روزنامہ سیاست نے قرآن مجید کے اس آن لائن سافٹ ویر کا افتتاح بھی اس ماہ صیام میں کرنے کا فیصلہ کیا کیوں کہ ماہ رمضان المبارک نزول قرآن کا مہینہ ہے ۔ 16 جون کو FAPCCI آڈیٹوریم ، ریڈہلز ، لکڑی کا پل ، حیدرآباد میں شام 4 بجے ایک خصوصی تقریب میں اس سافٹ ویر کا افتتاح عمل میں آئے گا ۔ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں صدارت کریں گے ۔ سافٹ ویر کی خاص خوبی یہ ہے کہ قارئین تقریبا 15 قراء کرام کی دل کو چھو لینے والی آوازوں میں تلاوت کلام پاک سننے کی سعادت حاصل کرسکتے ہیں ۔ قارئین اس سافٹ ویر میں تقریبا 40 تراجم اور دس تفاسیر ہیں جن سے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے استفادہ کرسکتے ہیں ۔ اردو سے ناواقف لوگوں کے لیے یہ سافٹ ویر ایک نعمت غیر مترقبہ ہے کیوں کہ اس میں انگریزی میں لفظ بہ لفظ ترجمہ کی سہولت دستیاب ہے ۔ ہر ایک آیت کی بآسانی سماعت کی جاسکتی ہے اور جو لوگ قرآن مجید حفظ کرنا چاہتے ہیں یا سورتیں یاد کرنا چاہتے ہیں ان کے لیے یہ سافٹ ویر معاون ثابت ہوگا ۔ جن دس علاقائی زبانوں کو سافٹ ویر کی تیاری میں استعمال کیا گیا ان میں سے کسی بھی زبان کے الفاظ کی تلاش ممکن ہے ، جس سے یہ پتہ لگایا جاسکتا ہے کہ مطلوبہ لفظ قرآن مجید میں کتنی مرتبہ اور کن آیتوں میں استعمال ہوا ہے ۔ اس سافٹ ویر کے استعمال کرنے والے الفاظ و موضوعات کے لحاظ سے بھی قرآن مجید کے مطالعہ اور اس میں اپنی تحقیق جاری رکھ سکتے ہیں ۔ متعدد تفاسیر اور تراجم کا تقابلی جائزہ بھی لیا جاسکتا ہے ۔ فہم قرآن ، تلاوت قرآن اور تحفیظ قرآن کے لیے یہ سافٹ ویر قارئین کی بہت مدد کرے گا ۔ اپنی نوعیت کا یہ منفرد سافٹ ویر ایک بہترین قرآنی سافٹ ویر ہے جو حضرات فہم قرآن کے شوقین ہیں ان کے لیے یہ سافٹ ویر ایک بے نظیر تحفہ ہے ۔ قرآنیات کے میدان میں ریسرچ سے وابستہ محققین و اسکالرس کے لیے بھی مفید ہے ۔ بہر حال اللہ تعالیٰ نے اس آن لائن سافٹ ویر کی تیاری کا موقع عطا کرتے ہوئے سیاست اور جودہ انفو لنگوٹیک پرائیوٹ لمٹیڈ کے ذمہ داروں پر احسان عظیم کیا ہے ۔ آپ کو بتادیں کہ quranhub.net قرآن کریم کا ایک ویب اپلی کیشن ہے جس کا مقصد ہندوستانی زبانوں میں آن لائن قرآن مجید کے سافٹ ویر کی تیاری و ترویج ہے۔۔

TOPPOPULARRECENT