Sunday , August 20 2017
Home / ہندوستان / قرآن میں ہر عہدکے جملہ مسائل کا پختہ حل موجود

قرآن میں ہر عہدکے جملہ مسائل کا پختہ حل موجود

دنیا و آخرت کی تمام تر فلاح کا راز قرآن کریم میں پنہاں‘مولانااعجاز قاسمی کا خطاب
نئی دہلی،10مئی (سیاست ڈاٹ کام) کتاب اللہ ہی ایک ایسی کتاب زندگی اور دستورحیات ہے جس میں ہر عہد اور ہر دور کے مختلف و متفرق سیاسی اور سماجی مسائل کا پختہ حل موجود ہے ۔ان خیالات کا اظہار آل انڈیا تنظیم علماء کے قومی صدر مولانا اعجاز عرفی قاسمی نے جامعہ فیضان نبوت کے زیراہتمام یہ عظمت قرآن کانفرنس میں کیا ۔آج یہاں جاری کردہ ایک بیان کے مطابق انہوں نے کہاکہ ُامت مسلمہ کو قرآن کریم کا فراموش کردہ سبق از سر نو یاد دلانے اور مسلمانان عالم کو راہ راست پر لانے کے لئے یہ پروگرام منعقد کیا گیاہے ، تاکہ یہاں سے جو پیغام اٹھے اس کی طاقت ور آواز ہندستان کے طول و عرض میں سنی جاسکے ۔ مولانا عرفی قاسمی نے اس کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ دنیا اور آخرت کی تمام تر فلاح و کامیابی کا راز قرآن کریم میں پنہاں ہے ، مگر افسوس کا مقام ہے کہ اُمت مسلمہ قرآن اور قرآنی تعلیمات و ہدایات سے کوسوں دور ہوتی جارہی ہے ۔ مولانا قاسمی نے کہا کہ قرآن کریم میں موت و حیات سے لے کر معاش تک کے مسائل کا حل واضح طور پر بتا دیا گیا ہے ، مگریہ المیہ ہے کہ امت قرآنی دستور سے انحراف کرتے ہوئے سیاست اور سماج کے نت نئے رسم و رواج اور بدعات و خرافات کی زنجیروں میں جکڑی جارہی ہے ۔انھوں نے موجودہ دردناک حالات میں عظمت قرآن کانفرنس کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے بتایاکہ افریقہ سے لے کر امریکہ تک اور یورپ سے لے کر چین تک امت مسلمہ پر جو قسم قسم کی آفت و مصیبت اور ظلم و ستم کے پہاڑ ٹوٹ رہے ہیں، اس کی واحد وجہ یہ ہے کہ ہم نے قرآن کریم کی تلاوت اور اس کے معانی و مفاہیم پر عمل درآمدگی سے انحراف کو اپنا شیوہ بنالیا ہے ۔ انھوں نے کہا آپ  ؐ نے اخیر زمانے میں بہ نفس نفیس واضح لفظوں میں یہ نصیحت کی تھی کہ جب تک میری امت قرآن اور حدیث پر مضبوطی سے عمل پیرا رہے گی ان پر نہ کبھی سخت حالات آسکتے ہیں اور نہ ان پرگمراہی کے بادل چھا سکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بد قسمتی سے قرآن ہی دنیا کی ایسی کتاب بھی بن کر رہ گئی ہے ، جو بلا سمجھے بے شعوری کے عالم میں پڑھی جاتی ہے ۔ ہم اس کی تعلیمات کو سمجھنے اور اس کو اپنی زندگی کے شب و روز کا حصہ بنانے کے لیے پابند عہد نہیں رہے ہیں۔ یہ پروگرام جامعہ فیضان نبوت کے سالانہ امتحان کے اختتام پر منعقد ہوا جس میں جامعہ کے طلباء نے قرآن کی تلاوت ونعت،دلکش تقریروں اور دلچسپ مکالموں سے حاضرین کو متاثر ومسحور کردیا۔

TOPPOPULARRECENT