Wednesday , August 23 2017
Home / عرب دنیا / قطرسینکڑوں سعودی کمپنیوں اور 50 ارب ریال سے محروم

قطرسینکڑوں سعودی کمپنیوں اور 50 ارب ریال سے محروم

ریاض ۔ 24 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب اور قطر کے درمیان سفارتی تعلقات خراب ہونے کے بعد دوحہ میں سرمایہ کاری کرنے والی 388 سعودی کمپنیوں نے کام بند کر کے واپسی کی راہ اختیار کی جس کے نتیجے میں قطر کو غیر معمولی معاشی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ صرف یہی نہیں بلکہ ان کمپنیوں کے ساتھ ساتھ قطر میں سعودی کمپنیوں کی جانب سے کی گئی سرمایہ کاری کے 50 ارب ریال بھی ملک کے ہاتھ سے نکل گئے ہیں۔سعودی عرب کے کثیر الاشاعت عربی اخبار ’الریاض‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ قطر میں سرمایہ کاری کرنے والے سعودی گروپوں نے وہاں پر کام بند کر کے وطن واپسی کا سفر اختیار کیا ہے۔ اس وقت سینکڑوں سعودی کمپنیاں قطر میں کاروبار بند کرچکی ہیں اور کئی بند کرنے کے مراحل میں ہیں۔گذشتہ برس قطر نے سرکاری سطح پر ایک بیان میں کہا تھا کہ ملک میں سعودی عرب کی 315 سرمایہ کار کمپنیاں کام کررہی ہیں جو 100 فیصد سعودی سرمائے سے چل رہی ہیں جن کے سرمائے کا تخمینہ1.23 قطری ریال ہے۔اقتصادی ماہرین کا کہنا ہیکہ جب سے خلیجی ملکوں کے ساتھ قطر کا تنازعہ پیدا ہوا ہے قطر کے تیل اور گیس بردار جہاز سمندری راستے استعمال کرتے ہیں۔خلیجی بحران کے بعد قطر کو خوراک اور غذائی سامان کے حصول میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ قطر کو اپنی 27 لاکھ آبادی اور ہزاروں غیر ملکی ملازمین کے لیے خوراک ہوائی جہازوں کے ذریعے منگوانا پڑ رہی ہے۔غیر قطری ملازمین اور کم آمدنی والے افراد کے لیے مہنگی اشیاء کا حصول بھی مشکل ہوگیا ہے۔ اندازے کے مطابق قطر میں فی کس اوسط آمدنی 2000 سے 15000 ریال کے درمیان ہے۔

TOPPOPULARRECENT