Thursday , September 21 2017
Home / جرائم و حادثات / قطری شوہر پر ہراسانی کا الزام ‘ خاتون کی پولیس میں شکایت

قطری شوہر پر ہراسانی کا الزام ‘ خاتون کی پولیس میں شکایت

حیدرآباد 22 اگست ( سیاست نیوز ) پرانے شہر میں کم عمر لڑکی سے عرب شہری کی شادی کا واقعہ ابھی تازہ ہی تھا کہ ٹولی چوکی میں ایک خاتون نے والد کے ہمراہ پولیس گولکنڈہ سے شکایت کی کہ اس کا شوہر اسے ہراساں و پریشان کررہا ہے اور دھمکیاں دے رہا ہے ۔ قلی قطب شاہ کالونی ٹولی چوکی کی ساکن سعدیہ نے اپنے قطری شوہر کے خلاف شکایت کی ۔ پولیس نے قطر کے اس باشندے کو بیرون ملک سفر سے روک تو لیا ہے تاہم تاحال گرفتار نہیں کرپائی ہے ۔ سعدیہ نے بتایا کہ اس کی شادی 2009 میں ہوئی تھی اور اس کی دو لڑکیاں ہیں ۔ خاتون کا شوہر پر الزام ہے کہ وہ شادی کے چند ماہ سے ہی بحث و تکرار کرتا تھا اور ایک لڑکی کی پیدائش کے بعد اس نے ہراسانی شروع کردی ۔ خاتون نے الزام لگایا کہ شوہر نے نجی تصاویر اور ویڈیوز کو وائرل کرنے کی دھمکی دی ہے ۔ خاتون کا کہنا ہے کہ اس کے شوہر نے اس کی تصاویر کا ذخیرہ رکھا ہے اور لڑکیوں کے نام پر موجودہ جائیداد کو بھی فروخت کرنے کی کوشش کی ۔ خاتون کے بموجب شوہر مکان پر ساتھیوں کے تواضع کا انتظام کرتا تھا اور ساتھیوں سے پردہ کرنے پر اعتراض کرتا تھا ۔ اس نے سب برداشت کیا تاہم اس کی حرکتوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ۔ خاتون نے کہا کہ سالم اکثر اسے مار پیٹ کا نشانہ بناتا تھا ۔ سعدیہ نے بتایا کہ گھر کا سامان فرنیچر اور الیکٹرانک اشیا کے علاوہ اس کے شوہر نے والدین کی جانب سے دئے گئے طلائی زیورات کو بھی فروخت کردیا اور لڑکیوں کے نام پر موجودہ مکان کے دستاویزات بھی چھین لئے ۔ خاتون کا کہنا ہے کہ گذشتہ سال پولیس گولکنڈہ نے کونسلنگ بھی کی تھی تاہم کونسلنگ کا بھی اس پر اثر نہیں ہوا ۔ خاتون کو اب اپنی عزت نفس کی فکر ہے ۔ چونکہ شوہر نے پرائیوٹ فوٹوز اور ویڈیوز کو وائرل کرنے کی دھمکی دی ہے ۔ سعدیہ نے پولیس گولکنڈہ سے درخواست کی ہے کہ وہ اس کے ساتھ انصاف کرے اور خاطی قطری شہری کے خلاف سخت کارروائی کرے ۔ انسپکٹر گولکنڈہ سید فیاض نے بتایا کہ سعدیہ نے اپنے شوہر کے خلاف شکایت کی ہے ۔ پولیس شکایت کا جائزہ لے رہی ہے اور تحقیقات جاری ہیں ۔ پولیس نے قطری شہری کے بیرون سفر پر روک لگادی ہے اور تحقیقات کے بعد سخت کارروائی کی جائیگی ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT